آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے3ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی قرض پروگرام کے تحت جائزے کیلئے اجلاس11جنوری کو طلب کر لیا
پاکستانی معیشت کا پہلا جائزہ مکمل کیا جائے گا اور اس جائزے کی کامیاب تکمیل کے ساتھ ہی اسی دن پاکستان کو70کروڑ ڈالر کی قرض کی دوسری قسط جاری کر دی جائے گی ،
اسلام آباد ( ویب نیوز)
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)نے پاکستان کیلئے3ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی قرض پروگرام کے تحت پہلے جائزے کیلئے اپنے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس11جنوری کو واشنگٹن میں طلب کر لیا ہے اس ضمن میں باضابطہ طور پر پاکستان کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اجلاس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ،اس اہم اجلاس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان15نومبر کو طے پانے والے سٹاف لیول ایگریمنٹ کے تحت پاکستانی معیشت کا پہلا جائزہ مکمل کیا جائے گا اور اس جائزے کی کامیاب تکمیل کے ساتھ ہی اسی دن پاکستان کو70کروڑ ڈالر کی قرض کی دوسری قسط جاری کر دی جائے گی ،آئی ایم ایف نے پاکستان کو 3ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی پہلی قسط کے طور پر جولائی میں 1ارب20کروڑ ڈالر کی قسط جاری کی تھی اور اب11جنوری کو ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو بقیہ2ارب40کروڑ ڈالر میں سے70کروڑ دالر کی دوسری قسط کے اجرا کی منظوری دی جائے گی ۔بتایا گیا کہ11جنوری کو ہونے والے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں آئی ایم ایف کے ساتھ نئے وفاقی بجٹ2024-25کے ابتدائی خاکہ پر بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ 8فروری کو منتخب ہوکر آنے والی حکومت آئی ایم ایف، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک جیسے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ طے پانے والی نئی پانچ سالہ مجوزہ معاشی اصلاھات کے تحت نگران حکومت میں بننے والے وفاقی بجٹ پر فوری مشاورت کر کے اس کی بنیاد پر آئی ایم ایف سے 5سے7ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام پر مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کر سکے جن اقدامات پر پیشگی عمل درآمد کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ، ان میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گیس کے صارفین کیلئے قدرتی گیس کی قیمت میں 131فیصد اضافہ کرنا سر فہرست ہے، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کی اس درخواست پر پہلی سماعت لاہور میں مکمل کر لی گئی اور اب دوسری سماعت پشاور میں کر کے آئی ایم ایف کے اجلاس سے قبل سوئی نادرن کیلئے گیس کی قیمت میں اضافہ کا نوٹفکیشن پیشگی طور پر جاری کیا جائے گا،اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی کے سندھ اور بلوچستان کے صارفین کیلئے قدرتی گیس کی قیمت میں 226روپے فی ایم ایم ٹی یو اضافہ کی سوئی سدرن گیس کمپنی کی درخواست پر پہلی سماعت کراچی میں مکمل ہو چکی ہے دوسری سماعت کوئٹہ میں مکمل کرنے کے بعد سندھ اور بلوچستان کے صارفین کیلئے قدرتی گیس کی قیمت میں اضافہ کا نوٹفکیشن بھی آئی ایم ایف کے اجلاس سے قبل ہی جاری کر دیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ پاور ڈویژن اب جنوری تا مارچ2024کے دوران پاکستان ی واپڈا کی جنریشن کمپنیوں اور پاور دسٹریبیوشن کمپنیوں کی مالی ضروریات کیلئے نیپرا میں بجلی کی قیمت میں اسی تناب سے اضا فہ کرنے اور بجلی کا بیس ٹیرف از سر نو مرتب کرنے کی درخواست دائر کرے گی جس کی روشنی میں نیپرا موجودہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی جنوری تا مارچ کیلئے بجلی کے نظرثانی شدہ بیس ٹیرف کی منطوری دے گی جس کے نوٹیفکیشن کی کابی بھی آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈکو پیشگی طور پر ارسال کی جائے گی ، اس کے ساتھ ساتھ جنوری تا مارچ کے دوران ماہانہ بنیادوں پر بجلی کی پیداواری لاگت کے مطابق بجلی کی قیمت پر تین بار نظرثانی کو بھی آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق یقینی بنایا جائے گا،اسی طرح عالمی منڈی میں کام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی بیشی کی روشنی میں تین ماہ کے دوران ریونیو اور نان ٹیکس ریونیو کے اہداف کو مد نظر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہر پندرہ دن بعد اعلان کیا جائے گا۔