فالو اپ پروگرام کیلئے پاکستان کی بات چیت کے درمیان اہم مسائل حل ہونا باقی ہیں، آئی ایم ایف

پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے موجودہ پروگرام کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے، معیشت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،کرسٹالینا جارجیوا

واشنگٹن ( ویب  نیوز)

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان فنڈ کے ساتھ 9ماہ کے 3 ارب ڈالر کے سابقہ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ (ایس بی اے) کے ممکنہ فالو اپ پروگرام سے متعلق بات چیت کر رہا ہے جب کہ اہم مسائل حل ہونا باقی ہیں۔ برطانور خبر رساں ادارے  کے مطابق سربراہ آئی ایم ایف اٹلانٹک کونسل کے تھنک ٹینک میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے موجودہ پروگرام کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے، معیشت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور زر مبادلہ ذخائر میں اب اضافہ ہو رہا ہے۔حل طلب اہم ملکی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اس راستے پر آگے بڑھنے کا عزم ہے اور ملک ممکنہ طور پر فالو اپ پروگرام کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی ایسے مسائل ہیں جنہیں حل کیا جانا ضروری ہے جیسا کہ ٹیکس دینے والے افراد کی تعداد، معاشرے کا امیر طبقہ کس طرح معیشت میں اپنا حصہ ڈالتا ہے، کس طرح سے عوامی اخراجات کیے جا رہے ہیں اور زیادہ شفاف ماحول پیدا کرنا۔یاد رہے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ میں آئی ایم ایف میں کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ جولی کوزیک نے بتایا تھا کہ 19 مارچ کو پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف اسٹاف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں متوقع ہے، اسٹاف لیول معاہدہ حالیہ اسٹیٹ بینک اور نگران حکومت کے عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کا اعتراف کرتا ہے۔واضح رہے کہ 19 مارچ کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ آخری جائزہ مذاکرات کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کردیا تھا جس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا۔اس پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان کے لیے قرض کی آخری قسط کی مد میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگئی، پاکستان کو 2 اقساط کی مد میں آئی ایم ایف سیایک ارب 90 کروڑ ڈالرز مل چکے ہیں۔آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈکی منظوری کے بعد پاکستان کو آخری قسط جاری کی جائے گی، آخری قسط کے بعد پاکستان کو موصول شدہ رقم بڑھ کر3 ارب ڈالرز ہو جائے گی، آخری قسط ملنیکے ساتھ ہی3 ارب ڈالرکا قلیل مدتی قرض پروگرام مکمل ہوجائے گا۔