اسلام آباد(صباح نیوز)
پاکستان میں کروناکے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے ملک میں کورونا وائرس سے 22 افراد جاں بحق ہوگئے، پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 ہزار سے زائد، اموات 457 تک پہنچ گئیں،خیبر پختون خواسب سے زیادہ متاثر،کشمیرمیں کوئی ہلاکت نہیں، خیبرپختونخوا180 ،سندھ130،پنجاب121،بلوچستان 16،اسلام آباد 04 اورگلگت بلتستان میں 3 ہلاکتیں ہوگئی ہیں۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز روز بروز بڑھتے جارہے ہیں اور آج مزید نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 20080 ہوگئیملک میں کورونا وائرس سے 22 افراد جاں بحق ہوگئے، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 457 ہو گئی۔ملک میں کورونا وائرس کو 2 ماہ سے زائد عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران پاکستان میں ابتدا میں تو کیسز کے بڑھنے کی رفتار کم تھی بعد ازاں اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔3مئی کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 363 کیسز اور 8 اموات سامنے آگئیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3032 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 363 کے نتائج مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 7465 ہوگئی۔ 24گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 130 تک پہنچ گئی۔ صوبے میں صحتیاب مریضوں کی تعداد میں بھی 214 کا اضافہ ہوا اور اب مجموعی طور پر 1555 لوگ صحتیاب ہوگئے۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 640 کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 7494 ہوگئی ہے۔ان کیسز کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 768 افراد زائرین سینٹر، 1926 افراد رائے ونڈ سے منسلک، 4714 عام شہری اور 86 قیدی ہیں۔ترجمان کے مطابق صوبے میں مزید 6 اموات کے بعد مجموعی تعداد 121 تک پہنچ گئی جبکہ 22 مریض کی حالت تشویش ناک ہے۔اسلام آباد میں صبح سویرے آنے والے اعداد و شمار میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 28 کیسز کی تصدیق کی گئی۔سرکاری سطح پر کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 365 سے بڑھ کر 393 تک پہنچ گئی۔صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کورونا کے 222 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 3129 ہوگئی۔صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 8 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 180 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے متاثرین 340 سے بڑھ کر 356 تک پہنچ گئے اور آزاد کشمیر میں بھی مزید ایک فرد اس وائرس کا شکار ہوگیا۔اگرچہ اس وقت ملک کا سب سے کم متاثرہ حصہ آزاد کشمیر ہے اور وہاں کیسز میں اضافے کی شرح بھی کم ہے تاہم ایک نئے کیس کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 67 ہوگئی۔ملک میں جس طرح کیسز بڑھ رہے ہیں اسی طرح شفا پانے والے افراد کی تعداد میں بھی درجنوں تو کبھی سیکڑوں کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 64 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 4817 ہوگئی۔سندھ میں کیسز کی تعداد 7465 جبکہ پنجاب میں 7494 ہے۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں 3129 افراد متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 1172 ہوچکی ہے۔اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر 393 افراد متاثر ہوئے ہیں تو وہیں گلگت بلتستان میں یہ تعداد 356 ہے۔مزید برآں آزاد کشمیر میں اب تک 67 لوگوں کو یہ وائرس متاثر کرچکا ہے۔دوسری جانب ملک میں اموات کے حساب سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا ہے۔خیبرپختونخوا: 180،سندھ: 130،پنجاب: 121،بلوچستان: 16،اسلام آباد: 04،گلگت بلتستان: 03 ہلاکتیں ہوگئی ہیں۔