8فروری کو سچ اور جھوٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا، سراج الحق
کرپٹ حکمران طبقات کے اقتدار سے نجات کے لیے ترازو پر مہر لگائیں
قوم کو موقع ملا ہے اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرے۔شرکاء روڑ کارواں سے خطاب
دیر(ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک پر76برسوں سے مسلط کرپٹ حکمران طبقات اور خاندانوں کے اقتدار سے نجات کے لیے 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔الیکشن مہم کے آخری روز دیر پائن حلقہ این اے 6میں روڑ کارواں کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8فروری کو سچ اور جھوٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایک طرف جماعت اسلامی کی صورت میں قوم کی خدمت گار ،وطن کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ، فلسطینیوں اور کشمیریوں سمیت امت کی ترجمان، استعمار مخالف، قانون اور انصاف کی حکمرانی کی خواہاں، کرپشن کی دشمن ، اقلیتوں کی محافظ، خواتین کی حرمت وتقدس کی حفاظت کی علمبردار اور نوجوانان پاکستان کی امیدوں کا مرکزاسلامی نظریاتی جمہوری جماعت ہے تو دوسری جانب ملک کو مہنگائی، کرپشن، جہالت ، بدامنی اور تعصبات پر تقسیم کرنے والے خاندان، پارٹیاں ،ظالم جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار ہیں، فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قوم کو موقع فراہم کیا ہے کہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرلے۔ انصاف، امن ، خوشحالی، تعلیم اور صحت مند پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواروں کا انتخاب کرو، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو عظیم ریاست بنائیں گے۔ ملک میں وسائل کی بہتات ہے، چار موسم، بہتے دریا، طویل ساحل سمندر،سونا اگلتی زمینیں، معدنیات کے ذخائر اور سب سے بڑھ کر خوددار ، قابل ، بہادر 25کروڑ پاکستانی جن میں 65 فیصد نوجوان ہیں ۔ بدقسمتی سے ملک پر دہائیوں سے وہ پارٹیاں اور حکمران حکومت کرتے رہے جنہوں نے وسائل کی لوٹ مار اور قوم کو تقسیم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، بددیانت حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی، یہ وقت پھر ہاتھ نہیں آئے گا، سٹیٹس کو توڑنا ہوگا، کرپٹ فرسودہ نظام، اس کے محافظوں، امریکی ایجنٹوں ، کشمیریوں پر سودا بازی کرنے والوں اور غزہ میں سفاکیت پر خاموش رہنے والوں کو ووٹ نہ دیں ، یہ لوگ پھر آگئے تو حالات ہرگز نہ بدلیں گے۔ روڈ کاروں میدان، ثمرباغ سے ہوتا ہوا تیمرگرہ میں اختتام پذیر ہوا۔ صوبائی امیدواران جماعت اسلامی اعزازالملک افکاری، سعید گل اور صاحبزادہ یعقوب بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔ روڈکارواں میں ہزاروں نوجوانوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ امیر جماعت کا مختلف مقامات پر پرجوش استقبال ہوا۔الیکشن مہم کے آخری روز جماعت اسلامی کے ملک بھر میں نامزد قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران نے انتخابی جلسوں، ریلیوں اور کاروانوں کی قیادت کی، لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے ملک میں اسلامی نظام کے حق میں نعرے لگائے اور ترازو کو ووٹ دینے کا عہد کیا۔ امیر جماعت نے الیکشن مہم کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور،کوئٹہ سمیت ملک کے 50شہروں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی منتخب ہو کر خیبرپختونخوا، بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن قائم کرے گی، قوم کو متحد کر کے زہریلی پولرزائزیشن کا خاتمہ کریں گے، عوام کو سودی معیشت سے نجات دلائیں گے، تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، کرپٹ افراد کا کڑا احتساب ہو گا، انصاف سب کے لیے اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ دیر میں گزشتہ عرصے کے دوران کوئی ترقی نہیں ہوئی، علاقے میں انفراسٹرکچر تباہ حال، تعلیم سے محرومی، صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی ہے۔ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر دیر کو ترقی دے گی، عوام کے مسائل حل کریں گے۔ روڈ کارواں اور الیکشن مہم کا اختتام جماعت اسلامی کی کامیابی، پاکستان میں امن اور خوشحالی کی دعا اور فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے دعا کے ساتھ ہو۔