لاہور (صباح نیوز)
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا مریضوں اور ملازمین کو کورونا سے بچاؤ کیلئے خصوصی اقدامات ، 50ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے جن میں سے 2کا مثبت آنے پر انہیں فوری طور پر قرنطینہ کر دیا گیا انہوں نے کہا کہ دونوں ملازمین کی حالت تسلی بخش ہے ان کی جلد صحت کی بحالی کیلئے مکمل خیال رکھا جائے گا جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کیلئے لفٹ اور آپریشن تھیٹر الگ کرنے کے علاوہ تھرمل گن سے سکریننگ لازمی قرار دینے کے ساتھ ساتھ انسٹیٹیوٹ میں بغیر ماسک کے کسی شخص کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی مریضوں کا طبی معائنہ ،داخلہ اور ایمرجنسی میں 24گھنٹے آپریشنز کیے جا رہے ہیں اورپنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت ڈاکٹرز ،نرسز اور طبی عملے کو تمام حفاظتی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں اور اب تک24ہزار سے زائد سرجیکل ماسک ، 1127این 95ماسک ،950حفاظتی کٹس،100عینکیں اور 13710گلووز مہیا کیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نیورو سرجری اور نیورالوجی آؤٹ ڈور میں روزانہ کی بنیاد پر 150مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ آئسولیشن وارڈ اورآئی سی یو میں 24گھنٹے طبی عملہ چاق و چوبند ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے احکامات کی روشنی میں بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج معالجے کے لئے راؤنڈ دی کلاک سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومت کے طے شدہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر نسٹی ٹیوٹ میں ذمہ داریاں ادا کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کے ساتھ ساتھ فرنٹ لائن پر اپنے فرائض سر انجام دینے والے طبی عملے کو بھی کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے خاتمے تک پینز انتظامیہ اور تمام سٹاف الرٹ رہے گا۔