اسرائیلی فوج کا خان یونس میں ڈرون حملہ، وحشیانہ کارروائیوں میں بچوں سمیت مزید 82 فلسطینیوں شہید
حماس کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی فوج کو بھرپور جواب، الشفا ہسپتال کا محاصرہ کر نیوالے ٹینکوں کو راکٹوں سے تباہ کردیا
غزہ( ویب نیوز)
اسرائیلی فوج کے خان یونس میں ڈرون حملے میں بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید ہوگئے، قطری نشریاتی ادارہ الجزیرہ نے ویڈیو جاری کردی، الشفا ہسپتال میں اسرائیلی آپریشن چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے ،دوسری جانب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹے میں بچوں سمیت مزید 82 فلسطینیوں شہید ہوگئے،جبکہ حماس نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی فوج کو بھرپور جواب دیا ، حماس نے الشفا ہسپتال کا محاصرہ کر نیوالے فوجی ٹینکوں کو راکٹوں سے تباہ کردیا۔ الجزیرہ کی جانب سے حاصل کی گئی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون فلسطینی نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ فوٹیج میں، جسے ڈرون کے ذریعے فلمایا گیا تھا اور اسے اسرائیلی فضائیہ کے کمانڈ سنٹر تک پہنچایا گیا تھا، چاروں افراد، جو غیر مسلح دکھائی دیتے ہیں، ایک سڑک پر چلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جسے اسرائیلی فورسز نے ڈورن کے ذریعے نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ فوٹیج جنوبی غزہ میں خان یونس میں جنگی زون کی ہے اور وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسری جانب الشفا ہسپتال میں اسرائیلی آپریشن چھٹا روز میں داخل ہو گیا ہے، الشفا ہسپتال میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 140تک جا پہنچی جبکہ اسرائیلی فورسز نے 650فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے الشفا ہسپتال کا محاصرہ کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر متعدد حملے کیے، ہسپتال کے گرد تین اسرائیلی ٹینکوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا، حماس نے اسرائیلی فوج پر حملوں کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ واضح رہے کہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور 74 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 13 ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔