غزہ، اسرائیلی فوج کی بمباری، خواتین اور بچوں سمیت مزید 416فلسطینی شہید،سینکڑوں زخمی

 اسرائیلی فوج نے غزہ سے درجنوں فلسطینی اغوا ، رام اللہ کے شمال مشرقی علاقے سلواد اورسامو سے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا

القسام بریگیڈ کا تل ابیب پرمیزائلوں سے حملہ،خان یونس کے شمالی محاذ پر دو اسرائیلی ٹینکوں کو راکٹوں سے نشانہ بنا یا

اسرائیلی بمباری میں 3 گھر تباہ ہوگئے اور کئی لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے،عرب میڈیا

 اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ اور خان یونس کے ہسپتالوں کے ارگرد بھی بمباری ، شمالی غزہ کے رہائشیوں کو دوبارہ انخلا کا حکم دے دیا

غزہ میں مستقل رہنے کا کوئی ارادہ نہیں، جنگ کے مقاصد حماس کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی واپسی ہیں،اسرائیلی وزیر دفاع

غزہ میں موجود ہر فلسطینی بھوک سے نڈھال ہے اور ایسے میں اسرائیل نے بمباری جاری رکھی ہوئی ہے، اقوام متحدہ کے ماہرین کا انتباہ

7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں 10 خواتین صحافیوں سمیت 86 میڈیا ورکر شہید ہوچکے ہیں

غزہ ( ویب  نیوز)

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں،اسرائیلی فورسز کی شدید بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت مزید 416فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ شہدا ء کی مجموعی تعداد 18 ہزار 200 ہوگئی جبکہ 50 ہزار زخمی ہیں۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سے درجنوں افراد کو اغوا بھی کرلیا ہے۔دوسری جانب ترجمان القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔اسی طرح خان یونس کے شمالی محاذ پر دو اسرائیلی ٹینکوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کی وڈیو بھی جاری کردی گئی ہے، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خان یونس کے ہسپتالوں کے ارگرد بھی بمباری کی ، شمالی غزہ کے رہائشیوں کو دوبارہ انخلا کا حکم دے دیا،7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں 10 خواتین صحافیوں سمیت 86 میڈیا ورکر شہید ہوچکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر رفاح پر شدید بمباری کی جس میں 7 بچوں اور 5 خواتین سمیت 20 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کی غزہ کے المغازی کیمپ پر بمباری میں مزید 23 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو ئے ہیں ۔عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں 3 گھر تباہ ہوگئے اور کئی لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور خان یونس کے ہسپتالوں کے ارگرد بھی بمباری کی، شمالی غزہ کے رہائشیوں کو دوبارہ انخلا کا حکم دے دیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے پر چھاپہ مارا جہاں جینن میں چھاپے کے دوران 4 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے شمال مشرقی علاقے سلواد میں چھاپے کے دوران 15 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ سامو سے بھی متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں بھی شدید بمباری کی جہاں 2 فلسطینی شہید ہو گئے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں مستقل رہنے کا کوئی ارادہ نہیں، جنگ کے مقاصد حماس کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی واپسی ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ غزہ میں حماس بریکنگ پوائنٹ کے قریب ہے۔ قوام متحدہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں موجود ہر فلسطینی بھوک سے نڈھال ہے اور ایسے میں اسرائیل نے بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں اب تک 18 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 50ہزار زخمی ہیں، اس کے علاوہ صیہونی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے پر کارروائیوں میں 278 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں 10 خواتین صحافیوں سمیت 86 میڈیا ورکر شہید ہوچکے ہیں۔