ضلع جہلم ویلی میں پی ٹی سی ایل چار جی ای وو اور سیلولر کمپنیوں کی ناقص انٹرنیٹ سروسز
عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی کے کمپنیوںکوگذشتہ ماہ لکھے گئے مکتوب کے بعد سروس مزید خراب ہو گئی
صارفین شدید مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار،وزیر اعظم پاکستان،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سمیت دیگر ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ
چناری( ویب نیوز)
آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا،چناری،چکوٹھی،چکار ان سے ملحقہ سینکڑوں علاقوں میں پی ٹی سی ایل چار جی ای وو،ٹیلی نار،جاز،یوفون،ایس کام اور زونگ کی ناقص سیلولر، انٹرنیٹ سروسز،عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی کا سروسز بہتر بنانے کے لیے کمپنیز کوگذشتہ ماہ 29فروری کو لکھے گئے مکتوب کے بعد بھی سروس بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو گئی،صارفین شدید مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار،وزیر اعظم پاکستان،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سمیت دیگر ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا،چناری،چکار،چکوٹھی سمیت ان کے ملحقہ سینکڑوں علاقوں میں پی ٹی سی ایل چار جی ای وو،ٹیلی نار،جاز،یوفون،ایس کام اور زونگ کی ناقص انٹرنیٹ سروس کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں،ناقص انٹرنیٹ سروسز کی صارفین کی جانب سے متعدد مرتبہ متعلقہ کمپنیز کی شکایات درج کروائی گئیں لیکن پی ٹی سی ایل سمیت کسی نے بھی انٹر نیٹ سروس بہتری کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے،عوامی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی نے گذشتہ ماہ زیر مکتوب نمبر625ـ29میں پی ٹی سی ایل،ٹیلی نار،جاز،یوفون،ایس کام اور زونگ کے حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے تحریر کیا تھا کہ عنوان الصدر میں ضلع ہذامیں ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیز کی سیلولر،انٹرنیٹ سروسز انتہائی ناقص ہیں جملہ کمپنیز کی جانب سے آئے روز پیکیجزکے انراخ میں اضافہ ہورہا ہے مگر سروسز انتہائی خراب بلکہ نہ ہونے کے برابر ہیں اکثر اوقات بجلی کی لوڈ شیڈ نگ کی وجہ سے موبائل سروس بھی بند ہو جاتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیلی کیمونیکیشن کمپنیز کے ٹاورز صرف محکمہ برقیات کی جانب سے فراہم کردہ بجلی پر ہی چلائے جارہے ہیں حالانکہ موبائل کمپنیز کے ٹاورز کوسروسز کی فراہمی کیلئے بلا تعطل چوبیس گھنٹے چلائے جانے کی نسبت بجلی کی فراہمی کیلئے متبادل انتظام (جنریٹر، سولر سٹم) کا ہونا لازمی ہے ٹیلی کمیو نیکیشن کمپنیز کی ناقص سروسز کی وجہ سے نہ صرف عوام الناس کو اپنے عزیز واقارب / رفقاء سے رابطہ کرنے میں دشواری کا سامنا ہے بلکہ کاروباری حضرات کو کاروباری معاملات میں مشکلات پیش آرہی ہیں ضلع ہذا میں یو نیورسٹی کیمپس کے علاوہ مختلف تعلیمی ادارہ جات (کالجز، سکولز) میں آن لائن کلاسز ہو رہی ہیں انٹرنیٹ سروسز کی عدم دستیابی کی وجہ سے نہ صرف طلباء کا تعلیمی حرج ہو رہا ہے بلکہ سرکاری ونجی دفاتر/ کمپنیز کو بھی دفتری امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث عوام الناس میں سخت بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے اس ضمن میں سوشل میڈیا کے علاوہ عوامی وفود دفتر ہذا میں پیش ہو کر شکایات درج کروارہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ ضلع جہلم ویلی میں کام کرنے والی جملہ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیز کو سیلولروانٹرنیٹ سروسز میں بہتری اور سروسز کی ہمہ وقت فراہمی کیلئے پابند کیا جائے بحالات بالا تحریر ہے کہ ضلع جہلم ویلی میں سیلولراور انٹرنیٹ سروسز کی بہتر فراہمی کو بہر صورت یقینی بنایا جائے تا کہ عوام الناس کو بہتررابطہ کاری میسر آنے کے علاوہ تعلیمی ادارہ جات کے طلبہ وطالبات کو آن لائن کلاسزAttend کرنے میں آسانی اور سرکاری ونجی محکمہ جات/ کمپنیز کے دفاتر میں دفتری امور کی بہتر انجام دہی ممکن ہونے سے عوام الناس میں پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب دور ہو سکے،ڈپٹی کمشنر کے مکتوب کے بعد کمپنییز کی جانب سے سروسز بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب ہو گئی ہیں جس کے باعث انٹرنیٹ صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں دوسری طرف عوامی حلقوں نے ایس سی او کے ڈائریکٹر جنرل اور سیکٹر کمانڈر مظفرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا،چناری میں ایس سی او کے ٹرپل پلے ڈی ایس ایل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں ہٹیاں بالا جہلم ویلی کا ضلعی ہیڈ کوارٹر اور چناری سات یونین کونسلوں کا کاروباری مرکز ہے یہاں پر ڈی ایس ایل انٹرنیٹ کی عدم سہولت کے باعث سرکاری محکمہ جات،کاروباری حضرات،طلبائ،طالبات،صحافیوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید مشکلات اٹھانا پڑرہی ہیں۔