پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا”محمد نواز شریف کسان کارڈ” ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے منظوری دیدی

5 لاکھ چھوٹے کاشتکارو ں کو آسان شرائط پر 150 ارب کا قرضہ دیا جائیگا، 30 ہزارفی ایکڑ دیا جائیگا، مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جاسکے گی

 چین کے تعاون سے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب کی لاگت سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر بنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت دوسرے روزبھی اجلاس ،ایگری ایکسٹنشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے اراستہ کرنے اور 500 ایگریکلچر گریجوایٹس کی بھرتی پر اتفاق

لاہور ( ویب   نیوز)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا محمد نوازشریف کسان کارڈپراجیکٹ کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت دوسرے روز بھی پنجاب میں زرعی اصلاحات کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشتکارو ں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔ بہترین بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری کیلئے کاشتکاروں کو 30 ہزار روپے فی ایکڑ زرعی قرض دیا جائے گا۔ نوازشریف کسان کارڈ کے ذریعے مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سنٹرز بنائے جائیں گے۔ ماڈل ایگریکلچر سنٹرز پرجدید زرعی مشینری، ٹریننگ، کیڑے مارادویات، بیج فراہم کیے جائیں گے اورزرعی نمائشی پلاٹ بنائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پہلے فیز میں ہر ضلع میں ایک ماڈل ایگریکلچر سنٹر بنانے کی اصولی منظوری دے دی ۔ ماڈل ایگریکلچر سنٹر (MAC )بننے سے کاشتکاروں کو جعلی کھاد، ادویات سے چھٹکارا ملے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کو ہر فصل کی پیداوار اور ڈیمانڈ کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کاٹن، گندم اور چاول کی فصل پر ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سنٹر آف ایکسی لینس کے انتظامی امور بورڈ کے ذریعے کنٹرول کرنے اور ریسرچ سنٹر کو ریجنل یونیورسٹیز سے لنک کرنے اور چین کے تعاون سے ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب کی لاگت سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاک چائنہ آر اینڈ ڈی سنٹر میں جینوم سنٹر، جرم پلازم ریسورس، سپیڈ بریڈنگ اور کلائیمنٹ چینج پر ریسرچ کی سہولت ہو گی۔ جعلی زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت روکنے کیلئے ایگریکلچر پیسٹی سائیڈ ایکٹ اور فرٹیلائزرز کنٹرول ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پنجاب ایگری ریسرچ بورڈ کی تشکیل نو کا جائزہ لیا گیا۔ زرعی زمین کو رہائشی مقاصد کے استعمال کو روکنے کیلئے قانون لانے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایگریکلچرل ایکسٹنشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے اراستہ کرنے اور 500 ایگریکلچر گریجوایٹس کی بھرتی پر اتفاق کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسانوں کودو سال میں 7 ارب روپے کی لاگت سے 24800 جدید ترین زرعی آلات دیئے جائیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر زراعت محمد عاشق حسین، پرویز رشید،سعود مجید، چیف سیکرٹری سیکرٹریز زراعت، خزانہ، صدر بنک آف پنجاب اور دیگر حکام نے شرکت کی