حماس نے اسرائیلی افواج کی غزہ میں نسل کشی کی جنگ کے نقصانات کے اعدادوشمار جاری کردیئے
34,622 فلسطینی شہادتیں،20 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے
اسرائیلی جنگ سے غزہ کو اب تک 33 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔رپورٹ
غزہ ( ویب نیوز)
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سرکاری میڈیا نے غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیلی افواج کی نسل کشی پر مبنی جنگ کے نقصانات کے اہم اعدادوشمار جاری کردیئے گئے ۔ نسل کشی کی جنگ کے215 دنوں سے قابض فوج کے ہاتھوں قتلِ عام کے 3094 واقعات ہوئے اور اب تک 34,622 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اور دس ہزار افراد لاپتہ ہیں۔شہید ہونے والوں میں 15002 بچے شامل ہیں۔ اس دوران 30 بچے قحط کی وجہ سے شہید ہوئے۔ قابض فلسطینی فورسز کے ہاتھوں اب تک 9 ہزار 893 خواتین شہید ہو چکی ہیں، سول ڈیفنس کے 68 اہلکار شہید ہو چکے ہیں، اب تک 142 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔حماس کے مطابق اب تک ہسپتالوں میں نشاندہی کی گئی سات اجتماعی قبروں سے 520 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، قابض اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 78,407 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ 72 فیصد متاثرین خواتین اور بچے ہیں۔ 17,000 سے زیادہ بچے ایک یا دونوں والدین کو کھو چکے ہیں، 11,000 زخمی ایسے ہیں جنہیں اپنی جان بچانے کے لیے علاج کے لیے فوری منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔حماس کے مطابق کینسر کے 10,000 مریضوں کو موت کے خطرے کا سامنا ہے۔ ہجرت کے باعث 1,095,000 فلسطینی وائرل بیماریوں سے متاثر ہوئے، بے گھر ہونے کے باعث وائرل ہیپاٹائٹس انفیکشن کے 20 ہزار کیسز ہیں، 60 ہزار حاملہ خواتین کو ناقص طبی سہولیات کی وجہ سے زندگیوں کوخطرات لاحق ہیں۔ ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے 350,000 دائمی مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ حماس کے مطابق جارحیت کے دوران 5 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا، محکمہ صحت کے 310 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا۔ غزہ کی پٹی میں 20 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے، قابض فوج کے ہاتھوں 186 اہلکار مارے گئے۔میڈیا کے مطابق قابض فورسز کے ہاتھوں 103 سکول اور یونیورسٹیاں تباہ ہوئیں، 311 سکولوں اور یونیورسٹیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں 243 مساجد مکمل طور پر تباہ ہوئیں اور 321 کو جزوی نقصان پہنچا۔ قابض افواج نے تین گرجا گھروں پر بھی حملہ کر کے تباہ کر دیا۔ قابض افواج نے 86,000 رہائشی مکانات کو بھی مکمل طور پر تباہ کیا اور 294,000 رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔قابض فورسز نے 126 ایمبولینسوں کو تباہ کر دیا۔ 206 تاریخی ورثے کو تباہ کیا گیا۔ حماس کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگ سے غزہ کو اب تک 33 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔