ہائبریڈ وائبریٹ نظام نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردیں ، عمر ایوب
پی ٹی آئی سیکرٹریٹ غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے باوجود سی ڈی اے انکاری ہے
ہم کیسز کا مقابلہ کریں گے اور ان میں بری ہوں گے، اپوزیشن لیڈر کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہائبریڈ وائبریٹ نظام نے ملکی کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، ہم کیسز کا مقابلہ کریں گے اور ان میں بری ہوں گے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی سیکرٹریٹ غیر قانونی طور پر سیل کیا گیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کے باوجود سی ڈی اے انکاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں ایف آئی اے سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ ہم سے تحقیقات کس چیز پر کرنا چاہتے ہیں، ایف آئی اے کی کرپشن اور ان کے افیشنسیز کی باتیں ساری دنیا میں مشہور ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے جلسے کیلئے روات میں جو جگہ حکومت نے مختص کی تھی وہ بھی بنتی ہی نہیں ، وہ جگہ اسلام آباد سے 30کلومیٹر دور ہے، مین سری نگر ہائی وے پر مولانا فضل الرحمان نے جلسہ کیا تھا وہ ہمیں ملنی چاہیے، اسلام آباد میںترنول سمیت باقی مقامات ہیں۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم کیسز کا مقابلہ کریں گے اور ان میں بری ہوں گے ، صنم جاوید،عالیہ حمزہ کو جیل میں ہی رکھا ہوا ہے، ان کی روبکار تیار ہیں جبکہ ایس پی جیل خانہ جات واضح طور پہ کہہ رہے ہیں میرے اوپر پریشر ہے میں چھوڑ نہیں سکتا۔عمر ایوب نے کہا کہ جیل خانہ جات کے افسر پر کس چیز کا پریشر ہے، کوئی اڑن طشتری خلائی مخلوق آکر جیل کے اوپر بیٹھی ہے، کون پریشرائز کر رہا ہے، اس پر بات کریں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بنانا ری پبلک ہے ، جو اس وقت بنائی ہوئی ہے اس رجیم کو ہم لوگ نہیں مانتے، ہائبریڈ وائبریٹ نظام جو ہے یہ پاکستان کی بنیادوں کو دیمک کی طرح خراب کیا ہوا ہے۔