سعودی عرب میں گرمی کی شدت میں اضافہ، ڈی جی حج مشن پاکستان کی عازمین حج سے احتیاط کی اپیل
زمین حج زیادہ درجہ حرارت کے باعث زیادہ پانی پی کر ہائیڈریشن کو برقرار رکھیں، عبدالوہاب سومرو

عرفات میں درجہ حرارت کم رکھنے کیلئے سڑکوں پر سفید رنگ کردیا گیا
سڑکوں پر مخصوص قسم کا سفید رنگ لگانے سے سطح کے درجہ حرارت میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ہوجاتی ہے،جنرل روڈز اتھارٹی
 سڑکوں پر لگایا جانے والا مخصوص رنگ مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور اس میں دھوپ کی شدت کم جذب ہوتی ہے، ترجمان عبدالعزیز العتیبی

جدہ( ویب  نیوز)

سعودی عرب میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد عازمینِ حج کے لیے بیان جاری کردیا گیا۔ڈی جی حج مشن پاکستان عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ عازمین حج زیادہ درجہ حرارت کے باعث زیادہ پانی پی کر ہائیڈریشن کو برقرار رکھیں۔عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ عازمین حج کیفین اور شکر والے مشروبات کے زیادہ استعمال سے گریز کریں اور عازمینِ حج ماسک، چھتری اور دھوپ کی عینک استعمال کریں۔

عرفات میں درجہ حرارت کم رکھنے کیلئے سڑکوں پر سفید رنگ کردیا گیا

سعودی عرب میں عازمین حج کی سہولت اور ایامِ حج میں عرفات کے علاقے میں گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے مسجد نمرہ کے ارد گرد سڑکوں پر سفید رنگ کر دیا گیا۔ سعودی عرب کی جنرل روڈز اتھارٹی کے مطابق سڑکوں پر مخصوص قسم کا سفید رنگ لگانے سے سطح کے درجہ حرارت میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی ہوجاتی ہے۔ ترجمان عبدالعزیز العتیبی کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر لگایا جانے والا مخصوص رنگ مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور اس میں دھوپ کی شدت کم جذب ہوتی ہے۔ عبدالعزیز العتیبی کا کہنا ہے کہ اس سال وسیع پیمانے پر تجربہ کیا جا رہا ہے، مسجد نمرہ کے قریب تقریبا 25ہزار مربع میٹر پر رنگ لگایا گیا ہے، یہ اقدام اس سال حج کے دوران عازمین کو زیادہ آرام دہ تجربہ فراہم کرے گا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال بھی یہی تجربہ محدود رقبے پر کیا گیا تھا جس کے اچھے نتائج سامنے آئے تھے، منی میں جمرات جانے والے راستے پر یہی رنگ لگایا گیا تھا تو وہاں 12 سے 15 ڈگری گرمی کم ہوگئی تھی۔ واضح رہے کہ رواں سال 14 سے 19 جون تک مناسک حج ادا کیے جائیں گے۔