این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارش و ژالہ باری کا 24 گھنٹے کا الرٹ، احتیاط کی ہدایت

پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد(ویب  نیوز)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کیے گئے موسمی جائزے اور پیشگی الرٹس کے مطابق ہے، جس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے جن اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجر خان، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، میانوالی، جھنگ اور ملتان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، سوات، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بنوں میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں مظفرآباد، نیلم ویلی، کوٹلی، راولاکوٹ، باغ، ہنزہ، اسکردو، گلگت اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں اور گرج چمک کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حد نگاہ میں کمی، کمزور تعمیرات کو نقصان اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کا خطرہ موجود ہے۔ گلیشیائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرخطر ڈھلوانوں، ندی نالوں اور گلیشیئرز کے قریب جانے سے گریز کریں۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہیں اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔ متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔