متنازع ٹوئٹ کا معاملہ: عمران خان شامل تفتیش ہوگئے
ایف آئی اے کی عمران خان سے ایک گھنٹے تفتیش، 16سوالات کئے
ایف آئی اے ٹیم نے عمران خان کو ان کے ایکس اکاونٹ سے پوسٹ دکھا کر تفتیش کی، ذرائع
اسلا م آ باد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی چیئرمین عمران خان ریاست مخالف ٹوئٹ کیس میں شامل تفتیش ہوگئے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی ٹیم نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی اپنے وکلا ظہیر عباس اور انتظار پنجوتھا کی موجودگی میں شامل تفتیش ہوئے اور اپنے وکلا کی موجودگی میں ایف آئی اے تفتیشی ٹیم کے سوالوں کے جوابات دیے۔ایف آئی اے ٹیم عمران خان سے تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی، تفتیشی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایاز احمد اور سب انسپکٹر منیب شامل تھے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے عمران خان سے تقریبا ایک گھنٹہ تک تفتیش کی۔عمران خان سے وکلا کی موجودگی میں16سوالات کئے گئے، ایف آئی اے ٹیم نے عمران خان کوویڈیو بھی دکھائی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے متنازع ٹویٹ کے معاملے کی تفیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا جب کہ عمران خان سے تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔بانی تحریک انصاف نے ایف آئی اے ٹیم کی تفتیش میں شامل ہونے کو وکلا کی موجودگی سے مشروط کردیا تھا، اس کے بعد ایف آئی اے ٹیم سابق وزیر اعظم سے تحریری انکار کے بعد جیل سے واپس روانہ ہوگئی تھی۔ایف آئی اے کی ٹیم چند دن قبل بھی عمران خان سے تفتیش کے لیے اڈیالہ پہنچی تھی، تاہم سابق وزیر اعظم نے ایف آئی اے کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا تھا اور اپنے وکلاکی موجودگی میں سوالات کے جوابات دینے پر اصرار کیا تھا۔واضح رہے کہ 30 مئی کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاونٹ سے شیخ مجیب الرحمن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے ایکس اکاونٹ سے شیخ مجیب الرحمن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی جس کے لیے عمر ایوب، گوہر خان اور رف حسن سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔ایف آئی اے، سابق وزیر اعظم کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے حوالے سے امور کا بھی جائزہ لے گی