9 مئی مقدمات، عمران خان سے پولیس ٹیم کی جیل میں ڈھائی گھنٹے تک تفتیش

عمران خان نے پولیس ٹیم کو متعدد سوالات کے جواب دے دیے

عمران خان سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کا پہلا دور مکمل، دوسرا دور آج جمعرات کو ہونے کا امکان

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

9 مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے جیل میں تفتیش کی گئی۔راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کے 12 مقدمات میں شامل تفتیش کرلیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق 12 تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم نے اڈیالا جیل میں عمران خان سے تفتیش کی۔توڑ پھوڑ جلاو گھیراو 9 مئی واقعات کے 12 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کا پہلا دور مکمل ہوگیا، سابق وزیراعظم نے پولیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) ممبران کو متعدد سوالات کے جواب دے دیے جبکہ تفتیش کا دوسرا دور  جمعرات کی صبح ہونے کا امکان ہے۔راولپنڈی پولیس کی قائم کردہ جے آئی ٹی ٹیم کنوینئر کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی، ٹیم 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور جلا وگھیراو سے متعلق مختلف تھانوں میں درج 12 مقدمات میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے تحقیقات کیں۔تمام مقدمات کے تفتیشی افسران تحریری سوالنامے لے کر اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں دوران تفتیش ان سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔جیل ذرائع نے بتایاکہ تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے ڈھائی گھنٹے تک تفتیش کی جس کے بعد ٹیم جیل سے روانہ ہوگئی۔گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا اور پولیس کو ان سے 2 روز تک تفتیش کی اجازت دی تھی۔جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی کے 12 مقدمات کی تفتیش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہیگا،جے ائی ٹی تفتیشی ٹیم اپنی رپورٹ جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کرے گی۔اور عدالت رپورٹ پر ریمانڈ میں توسیع یا جوڈیشل ریمانڈ کا فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔۔