آئی پی پیز کے خلاف کراچی کے تاجر متحد یکم اگست کو بولٹن مارکیٹ میں مظاہرہ ہوگا

کراچی(ویب  نیوز)

بجلی کے ظالمانہ بلوں، آئی پی پیز کی لوٹ مار،نام نہاد تاجر دوست اسکیم کے خلاف کراچی کے تاجروں نے متحد ہوکر تاجر تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا، آج مقامی ہال میں کراچی کی بڑی تاجر تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومتی پالیسیوں ،بجلی کے بلوں ، معاشی پالیسیوں پر کھل کر تبادلہ خیال کے بعد ان کو مسترد کردیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر، الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان ، بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد کے چیئرمین شریف میمن ، اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد، سندھ تاجر اتحاد کے جمیل پراچہ ،موٹر سائیکل ڈیلر ایسوسی ایشن کے احسان گجر،آل کراچی تاجر الائنس کے صدر حکیم شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصلوں کا اعلان کیا۔ عتیق میر نے کہاکہ پانی سر سے اونچا ہوچکا ہے ، حکومتی پالیسیوں اور بجلی کے بلوں کے باعث تاجر فاقہ کشی کا شکار ہیں انہوں نے آئی پی پیز اور بجلی کے بلوں کے خلاف امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے دھرنے کو عوام کے دل کی آواز قراردیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو عوام کا غیض و غضب سب کچھ بہا کر لے جائے گا ۔کراچی الیکٹرونکس ڈیلر کے صدر رضوان عرفان نے کہاکہ تاجروں کا کام سڑکوں پر احتجاج کرنا نہیں مگر حکومتی پالیسیوں نے ہمیں مجبور کردیا ہے کہ یکم اگست سے احتجاجی تحریک شروع کریں ۔سندھ تاجر اتحاد کے جمیل پراچہ نے کہاکہ ہمارے پاس وقت بہت کم ہے ،معاشی حالات کے سبب لوگ بھوکے مررہے ہیں ،خودکشیاں کررہے ہیں،امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے عوامی مطالبات کے لیے اسلام آباد میں دھرنا دے کر غریبوں اور مجبوروں کی دادرسی کی ہے ،انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک نے فراڈ بلنگ بند نہ کی تو آئندہ ماہ سے بلوں کی ادائیگی روک دیں گے ۔حکومت نے اب بھی مطالبات پر کان نہ دھرے تو پورے شہر میں دھرنے ہوں گے ۔اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد نے کہاکہ آئی پی پیز نے عوام کو کنگال اور ملک کو کھوکھلا کردیا ہے ،عوام کا خون نچوڑنے والی ان کمپنیوں اور ان کے سرپرستوں کو انجام تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کولگام دی جائے 500یونٹ کے بل پر 50فیصد رعایت دی جائے ۔بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر شریف میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تاجر اس وقت حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے تاریخ کے بدترین دور سے گزررہا ہے ،ہم تاجروں کے شدید دباؤ میں ہیں ، ان کا مطالبہ ہے کہ ان ظالمانہ قوانین کے خلاف تحریک چلائی جائے اسی لیے آج ہم نے اس اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ یکم اگست سے مظاہروں سے تحریک کا آغاز کریں گے ،پہلا مظاہرہ بولٹن مارکیٹ پر دوسرامظاہرہ 5اگست کو ریگل چوک پر ہوگا۔آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ نے کہاکہ ہم تاجروں کے وسیع تر مفاد میں مل کر بیٹھے ہیں اور مل کر جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے ۔آرام باغ ٹریڈرز کے رہنما آصف گلفام نے کہاکہ تاجر اتحاد کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنادیں گے ۔ظالمانہ بلوں اور ٹیکسوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اولڈ سٹی الائنس کے صدر شیخ عالم نے کہاکہ تمام تاجروں کو اپنی مارکیٹوں میں تاجروں کو متحد رکھنا چاہیئے اوراپنے حقوق کے لیے نکلنے کا جذبہ بیدار کرنا ہوگا۔جامع الائنس کے جنرل سکریٹری خالد نے کہاکہ ہم تاجر مفاد کے لیے پہلے بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں ۔اجلاس سے صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے صدر وقار غوری ،جنرل سکریٹری محمد اسلم خان ،حیدری مارکیٹ کے رہنما سید اختر شاہد، تا جر اتحاد کے زبیر علی خان ، مرزاصادق بیگ، شیخ محمد رفیع ،،تا جران سندھ کے رہنما سلیم راجپوت،الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن کے ناصر ترک ، سلیم میمن ، ناز و جناح پلازہ کے صدر سید ونوید احمد اور اقبال یوسف نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں کلفٹن تاجر الائنس کے صدر راشد خان کی خوش دامن کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی ۔#