لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، محمود خان اچکزئی
دراصل پی ٹی آئی میں تنطیم کی کمی ہے
جلسہ کی اجازت ہو یا نا ہو لاہور میں جلسہ ضرورہوگا۔ علی امین گنڈاپور
– پٹھانوں کی مثال ہے بارات بھی لے کر آتے ہیں ڈھول بھی ،
راستے بند مت کرو، راستہ نکالو اس سے قبل کہ ملک بند گلی میں چلا جائے،بیرسٹر گوہر خان
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے۔ مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا، میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی،
اسلام آباد ( ویب نیوز)
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کیا کہ لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، دراصل پی ٹی آئی میں تنطیم کی کمی ہے ۔اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیغام دینا چاہتا ہوں آج تک دنیا میں جتنے بھی انقلاب ہوئے ہیں، چاہے مذہبی یو یا سیاسی، کسی بھی انقلاب کو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی حمایت حاصل نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ آپ کا انقلاب کیوں نہیں آرہا، تو اس کی بنیادی وجہ تنظیم کا نہ ہونا ہے کیوں کہ انقلاب کے لیے بنیادی شرط تنظیم ہوتی ہے، آپ لوگوں کا عمران خان سے محبت اورعشق اپنی جگہ لیکن تنظیم کی کمی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ جب اسٹیج پر چڑھتے ہو تو کپڑے پھٹ جاتے ہیں، جیبیں کٹ جاتی ہیں، لوگ اسٹیج سے نیچے گرتے ہیں، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا، عمران خان خوش قسمت ہیں آج تک پاکستان میں کسی لیڈر کو اتنی حمایت حاصل نہیں ہوئی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ اور بالکل درست کہا تھا کہ ہم انقلاب لائیں گے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا انقلاب ووٹ کے ذریعے آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت مقتدر سیاسی لوگ یہ کہتے ہیں کہ فارم 45 اور 47 میں کوئی فرق نہیں لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ فارم 47 والے چور اور ڈاکو ہیں، آج ہماری اسٹیبلشمنٹ کو یہ بات پتہ ہے کہ شہباز کی یہ حکومت دھونس، بے ایمانی، چوری اور پسوں سے آئی ہے، ان کی حمایت کرنا قرآن پاک یہ آیت کی خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت سے شکوہ کرنا چاہتا ہوں کہ لاکھوں کی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، یہ بہت بری بات ہے، آج بھی اگر صرف یہی مجمع طریقے سے آگے بڑھے اور حکومت کو 10 سے 15 دن کا وقت دیں، اگر 15 دن میں عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تو پورے ملک میں سیاسی تحریک شروع کردیں گے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہم سب اکھٹے ہوکر اعلان کریں کہ پاکستان کے ہر ضلع میں تحریک چلانی ہے، نہ ہمارا راستہ فوج روک سکتی ہے اور نہ پولیس روک سکتی ہے، صرف عوام کا راج ہوگا۔
جلسہ کی اجازت ہو یا نا ہو لاہور میں جلسہ ضرورہوگا۔ علی امین گنڈاپور
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی،ہرصورت لاہورمیں جلسہ ہوگا،عمران خان کو آخری ملاقات میں بتا دیا ہے کہ اب جو کرینگے ہم کریں گے ۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوانے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا ملٹری ٹرائل ہوگا تو سنو ایسا کوئی نہیں کرسکتا – میں فوجی ہوں، فوج کا بیٹا اور بھائی ہوں یہ فوج ہماری ہے – لاہور جلسہ کی اجازت ہو یا نا ہو لاہور میں جلسہ ہوگا – پٹھانوں کی مثال ہے بارات بھی لے کر آتے ہیں ڈھول بھی ، اگر دو ہفتوں میں عمران خان رہا نا ہوا تو پھر ہم اڈیالہ سے لے جائینگے ۔تمام کارکنان تیار ی کرلیں – – 9 مئی بہانا ہے عمران خان نشانا ہے – جو اس پر ظلم ہوا وہ لاھور کے جلسے میں بتاآنگا – ڈھول بھی آئینگے باجے اور باراتی بھی آئینگے ۔پہلی گولی میں کھاؤں گا اور آگے میں ہوں گا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ پختونخوا کے عوام نے طاقت کے زور پر اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا، جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ہم یہ جہاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او دینے والے ہار چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ہے، قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے، این او سی ہونہ ہواگلا جلسہ لاہور میں ہوگا۔ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کے وکلا نے بتایاکہ عمران خان کے کیسز ختم ہوچکے ہیں، ایک سے 2 ہفتے میں قانونی طور پر عمران خان رہا نہ ہوا تو ہم پھر انہیں خود رہا کریں گے، میں آپ کی قیادت کروں گا اور پہلی گولی میں کھاؤں گا اور آگے میں ہوں گا۔انہوں نے کہا کہ اگر پیچھے ہٹے تو نہ دوبارہ ایسا موقع ملے گا، نہ دوبارہ ایسا لیڈر ملے گا، ایسی قوم ملے گی اور نہ ایسا جذبہ ملے گا
راستے بند مت کرو، راستہ نکالو اس سے قبل کہ ملک بند گلی میں چلا جائے،بیرسٹر گوہر خان
پاکستان تحریک انصاف وفاقی دارالحکومت کے علاقے سنگجانی مویشی منڈی میں ایک بڑے جلسہ عام کے ذریعے بھرپورعوامی قوت کے مظاہرہ میں کامیاب ۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سیکڑوں گاڑیوں، ہیوی مشینری اور ہزاروں کارکنوں کے ساتھ سنگجانی انٹر چینج سے ہوتا ہوا جلسہ گاہ پہنچا تو شرکا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اقتدار کی راہداریوں کی کنجیوں کے حامل لوگوں کو ایک چیز بتانا چاہتا ہوں کہ اپنی قوم کے بارے میں سوچو، اس جم غفیر کو اقلیت نہ سمجھو، ان لوگوں کی آواز کو مت دبانا، غیراہم مت سمجھنا۔انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راستے بند مت کرو، راستہ نکالو اس سے قبل کہ ملک بند گلی میں چلا جائے، یاد رکھو کہ جس نے قوم کی آواز کو دبایا وہاں ملک قوم نہیں رہتی، وہاں کوئی ادارہ باقی نہیں رہتا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چھ ماہ سے جلسہ منعقد کرنا تھا لیکن عمران خان کا حکم تھا کہ ہمیں این او سی کے ساتھ جلسہ کرنا ہے، آج ہر جگہ کنٹینر تھے لیکن خان صاحب کے ٹائیگر پھر بھی پہنچے، خان صاحب کی آواز پر لبیک کہیں گے اور بہت جلد وہ رہا ہوں گے، یہ ساری قوم قیدی نمبر 804 کے ساتھ ہے ۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہوگا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟۔جلسے سے تحریک انصاف کے رہنماؤں علی محمد خان، اعظم سواتی، عالیہ حمزہ، عمر چیمہ، سلمان اکرم راجا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے۔
مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا،
میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی،
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے۔ شاہ اللہ دتہ کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے، گاڑیوں کی ٹکر سے کنٹینرز سڑک سے نیچے گرا دیئے، کنٹینرز سڑک سے ہٹا کر مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا، مارگلہ ایوینیو سے ٹریفک سنگجانی کی جانب رواں دواں ہوگئی تھی سنگجانی پولیس کی جانب سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاوس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، کہ اس دوران کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا۔تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے۔تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے سیاسی پاور شو کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی سست ہوگئی، انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔