ا س سال فطرانہ کم ازکم220روپے فی کس ہوگا
رواں سال صدقہ فطرکم ازکم220روپے فی کس ادا کیاجائے،ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

اسلام آباد(ویب  نیوز)

اس سال فطرانہ کم ازکم220روپے فی کس ہوگا اسلامی نظریاتی کونسل نے صدقہ فطر وفدیہ صوم کا رواں سال کیلئے نصاب جاری کردیا۔ رواں سال صدقہ فطر وفدیہ صوم کم ازکم220روپے فی کس ادا کیاجائے۔ گندم کے حساب سے 220 جو کے حساب سے 450 روپے کھجور کے لحاظ سے 1650 روپے کشمش کے حساب سے2500 روپے جبکہ منقی حساب سے فی کس صدقہ فطروفدیہ صوم 5000 روپے بنتا ہے۔ مخیر حضرات مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کریں۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاکہ صدقہ الفطر ادا کرنا ہر غلام اور آزاد، مرد اور عورت، چھوٹے اور بڑے ہر مسلمان پر فرض ہے۔ جن لوگوں کو اللہ تعالی نے توفیق دی ہے ان امیر افراد کو گندم پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر ادا کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ غربا ضروریات پوری ہوسکیں، اسی طرح پنجاب کے علاوہ دیگرصوبوں میں رہنے والے متعلقہ اجناس کی قیمت کی مناسبت سے صدقہ فطر اور فدیہ صوم اداکریں گندم کانصاب وزن کے لحاظ سے نصف صاع(2کلواحتیاط)جو،کجھور،منقی کانصاب ایک صاع(4کلوگرام احتیاط)بنتا ہے۔علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے مزید بتایا کہ30 روزوں کا فدیہ بالترتیب گندم کے حساب سے 6600 روپے بنتا ہے۔ جو کے حساب سے 13500 روپے، کھجورکے حساب سے 49500 روپے، کشمش کے حساب سے75000 روپے اورمنقی کے حساب سے 150000روپے اداکرنا ہوگا،جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یاپھر60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔سرکاری سبسڈی والاآٹااستعمال کرنے والے صدقہ فطر وفدیہ صوم160روپے بھی ادا کرسکتے ہیں۔