جون کے آخر اور جولائی میں کورونا عروج پر ہوگا، شبلی فراز

سندھ حکومت این سی او سی میں فیصلوں کو قبول کرتی ہے، بعد میں سیاست شروع کر دیتی ہے

سندھ حکومت کورونا وائرس کی وبا میں بھی سیاست کر رہی ہے، وزیر اعلی سندھ  ہمیشہ کنفیوژن پھیلاتے ہیں

کورونا وائرس کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں

ہاٹ اسپاٹ کو ڈھونڈ کر اسمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کرتے ہیں، صوبے کئی معاملات میں خود مختار ہیں

عمران خان نے وزیر اعظم ہائوس کے اخراجات بھی کم کیے ، کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل کرنا قوم کا فرض ہے، وزیراطلاعات کا بیان

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ پاکستان میں جون کے آخر اور جولائی میں کورونا وائرس عروج پر ہوگا،سندھ حکومت این سی او سی میں فیصلوں کو قبول کرتی ہے، بعد میں سیاست شروع کر دیتی ہے،سندھ حکومت کورونا وائرس کی وبا میں بھی سیاست کر رہی ہے، وزیر اعلی سندھ  ہمیشہ کنفیوژن پھیلاتے ہیں۔جاری کیے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹ کو ڈھونڈ کر اسمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کرتے ہیں، جبکہ صوبے کئی معاملات میں خود مختار ہیں۔وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت این سی او سی میں فیصلوں کو قبول کرتی ہے، جبکہ ان فیصلوں پر بعد میں سیاست شروع کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس کورونا وائرس کی وبا میں بھی سیاست کر رہی ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ہمیشہ کنفیوژن پھیلاتے ہیں۔وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ این سی او سی میں کچھ اور باہر کچھ اور بات کرتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم ہاوس کے اخراجات بھی کم کیے ہیں، کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل کرنا قوم کا فرض ہے۔

#/S