موجودہ حکومت نے ایک سال میں 08ہزار615ارب روپے کا قرضہ لیکر نیا رکارڈ قائم کردیا،کاشف سعید شیخ
جماعت اسلامی ایک اسلامی نظریاتی جماعت ہے جو پاکستان میں ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی داعی ہے
لاڑکانہ جنرل مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عبدالرشید شیخ کی قیادت میں وفد سے بات چیت
کراچی/لاڑکانہ ( ویب نیوز)
جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گذشتہ78سالوں سے انگریز کے معاشی قانون اور سودی نظام رائج ہے جس کی وجہ سے ملک پر اس وقت78ہزار238ارب روپے کا قرض چڑھ چکا ہے جبکہ موجودہ حکومت نے ایک سال کے دوران 08ہزار615ارب روپے کا قرضہ لیکر نیا رکارڈ قائم کردیا ہے۔ ملک میں ادارہ جاتی اصلاحات، سیاسی استحکام،سودی نظام سے نجات اور عالمی معاشی دبائو کے خاتمے سے ہی ہم اپنی معاشی پالیسیوں کو نافذ اور عملی جامہ پہناسکتے ہیں جس کیلئے جماعت اسلامی کے ہر کارکن اور ذمہ دار کو دن رات محنت کرنا ہوگی۔ملک پر قابض ٹولے کی بدترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج امیر مزید امیر اور غریب کا جینا دوبھر ہوچکا،ظلم کے استحصالی نظام کی وجہ سے ملک میں بدترین معاشی حالات، سیاسی عدم استحکام اور آئین وقانون کی پامالیاں عروج پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ جنرل مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عبدالرشید شیخ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلعی امیر ایڈوکیٹ نادر علی کھوسہ،محمد سلیم انصاری، اسامہ کھوسہ اور محمد عمیر کھوسہ ودیگر مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے منشور اور دستور کا سب سے بنیادی نکتہ ہی یہی ہے کہ وہ معیشت کو سود (ربا) سے پاک اور بلاسود بینکاری نظام کو فروغ دے گی۔ حکومت، بیوروکریسی، اور کاروباری اداروں میں کرپشن کے خلاف سخت احتسابی نظام قائم ،کرپٹ افراد کا احتساب،نیب اور دیگر اداروں کو سیاسی اثر سے آزاد کرکے ملک بھر دیانتدار قیادت کو فروغ دینے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی ایک اسلامی نظریاتی جماعت ہے جو پاکستان میں ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی داعی ہے۔ معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ایک مخصوص ویژن ہے جو اسلامی اصولوں، عدل اور دیانتداری پر مبنی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں سودی نظام کے خاتمے، دیانتدار اور امانتدار قیادت کے ذریعے ملکی معاشی حالات کو اسلامی نظام معیشت کے ذریعے بہتر اور عدل وانصاف سے عام آدمی کی حالات زندگی کو تبدیل کرے گی۔ انہوںنے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا معاشی فریم ورک اسلامی اصولوں پر مبنی ہے، اور یہ اصول اگر شفافیت، ایمانداری، اور نیک نیتی سے لاگو کئے جائیں تو معیشت میں بہتری آ سکتی ہے۔صوبائی امیر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے ضلعی رہنماء عبدالرشید کا جنرل مرچنت ایسوسی ایشن لاڑکانہ کا صدر منتخب ہونے سے لاڑکانہ کے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔





