•  کمرشل و رٹیل بینکنگ ڈویژن (سی آر بی ڈی) ہیڈ سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈز اور چاروں ریجنز(مظفر آباد، میرپور، راولاکوٹ، کوٹلی)کے ہیڈزکے اجلاس سے خطاب

مظفر آباد (ویب نیوز)

بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے کہا ہے کہ صرف تین سال کے قلیل عرصہ میں بینک کے آپریٹنگ منافع میں 617فیصد اضافہ ہو ا ہے جو کہ نتیجہ خیز مارکیٹنگ حکمت عملی، موثر و منظم بزنس منصوبہ بندی، منفرد کاروباری طریقوں کو اپنانے اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وہ جمعۃ البارک کے روز ہیڈ آفس پر منعقد ہونے والے کمرشل و رٹیل بینکنگ(سی آر بی) اجلاس کی صدارت کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔اجلاس میں کمرشل و رٹیل بینکنگ ڈویژن (سی آر بی ڈی) ہیڈ سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈز اور چاروں ریجنز(مظفر آباد، میرپور، راولاکوٹ، کوٹلی)کے ہیڈزنے شرکت کی۔ بینک نے رواں سال کے آغاز پر چاروں زونز کو ختم کرتے ہوئے دو نئے ریجنز تشکیل دیئے تھے۔ یہ اجلاس ریجنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کیا گیا۔ صدر بینک نے کہا کہ ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب حاصل کر لی گئی ہے اور اہم کاروباری سنگ میل عبور کئے گئے ہیں۔آپریٹنگ منافع 134 ملین روپے سے بڑھ کر 961 ملین روپے ہو گیا ہے۔یہ 617% کا شانداراضافہ ادارے کے قیام کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے کل اثاثہ جات میں تاریخی اضافہ ہوا جو 13.56 ارب روپے یعنی دوگناسے زیادہ بڑھ کر 28.46 ارب روپے ہو گئے ہیں۔سی ای او نے ہدایت دی کہ ادارے کے بزنس کو بڑھانے، کسٹمرز کی تعداد میں اضافہ کے لئے عملے کو ہمہ وقت متحرک اور مستعد رکھا جائے تا کہ بینک کی کامیابیوں کا سفر جاری رکھتے ہوئے اسے صف اول کا مالیاتی ادارہ بنا دیا جائے۔