آسلام آباد ( ویب نیوز )
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے میں بھی پیٹرول پر 95 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 203 روپے اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی، حکومت عوام کو پیٹرول صرف 322 اور ڈیزل 335 روپے فی لیٹر پر فراہم کررہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس ہفتے حکومت مزید 56 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرے گی، مسلسل 3 ہفتے میں 125 ارب روپے کا تاریخی بوجھ حکومت نے اپنے کاندھوں پر اٹھایا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ خطیر رقم عوام کی فلاح کے کئی منصوبوں کے لیے استعمال ہوسکتی تھی لیکن عوام کے معاشی تحفظ سے زیادہ کچھ عزیز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری ہماری مشترکہ ذمہ داری بن گئی ہے، دنیا بھر کے ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دگنا بڑھ چکی ہیں، پمپس پر عوام کی لائنیں لگی ہیں، حکومت نے محدود وسائل کے باوجود بروقت اقدامات سے مہنگائی کے طوفان کو روک رکھا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام حکومت سے کفایت شعاری مہم میں تعاون کریں، قوم کے باہمی اتحاد اور تعاون سے مشکل حالات سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔