پشاور کو دارالحکومت بنانے والا کوئی فیصلہ قبول نہیں،صوبہ ہزارہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صوبہ ہزارہ تحریک
سردار محمد یوسف کی زیر صدارت ہنگامی مشاورتی اجلاس، 30 نومبر کو سپریم کونسل کے اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (ویب نیوز) صوبہ ہزارہ تحریک نے واضح کیا ہے کہ ہزارہ کے عوام اپنے الگ صوبے کے قیام سے کم کوئی فیصلہ قبول نہیں کریں گے اور جھاری کس سے کوہستان تک مکمل صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تحریک نے پشاور کو دارالحکومت بنانے والے کسی بھی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات اور افواہوں کی فوری وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے صوبہ ہزارہ تحریک کی سپریم کونسل کا اجلاس 30 نومبر کو صبح 11 بجے ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں میں طلب کر لیا گیا ہے۔ مرکزی کنوینئر پروفیسر سجاد قمر کے مطابق چیٔرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف کی زیر صدارت اسلام آباد میں تحریک کا ہنگامی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریگیڈیٔر شہزاد اعوان، سردار شاہ جہان یوسف، پروفیسر سجاد قمر، سردار ظہور احمد، عبدالواحد قریشی، فاروق مغل اور سردار اویس سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت صوبہ ہزارہ تحریک کی 16 سالہ طویل، پرامن اور جمہوری جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ہزارہ کے عوام گزشتہ سولہ سال سے اپنے آئینی اور جمہوری حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس دوران سات افراد نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ آج اس جدوجہد کو تسلیم کیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک کے مختلف علاقوں کے عوام کو اقتدار کے ایوانوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ مشاورتی اجلاس میں نئے صوبوں کے حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ بعض حلقوں میں یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ شمالی خیبر پختونخوا کے نام سے نیا صوبہ بنایا جائے گا جس کا دارالحکومت پشاور ہوگا۔ رہنماؤں نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ اطلاعات محض افواہیں ہیں، تاہم حکومت اور متعلقہ حلقوں کو اس حوالے سے فوری وضاحت کرنی چاہیے تاکہ ہزارہ کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کا خاتمہ ہو سکے۔ اجلاس میں دوٹوک موقف اختیار کیا گیا کہ صوبہ ہزارہ تحریک پشاور کو نئے صوبے کا دارالحکومت بنانے والے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہزارہ اپنی الگ تاریخی، جغرافیائی اور ثقافتی شناخت رکھتا ہے، اس لیے اسے کسی دوسرے خطے میں ضم کرنا ہزارہ کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہزارہ کے عوام اپنے الگ صوبے کے قیام کے خواہاں ہیں اور اس مطالبے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ شرکاء اجلاس نے کہا کہ پورے ملک میں ہزارہ واحد خطہ ہے جس کے صوبے کے قیام کی قرارداد صوبائی اسمبلی سے تین مرتبہ منظور ہو چکی ہے، جبکہ اس حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی بل جمع کرائے جا چکے ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ جھاری کس سے کوہستان تک مکمل صوبہ ہزارہ قائم کیا جائے اور اس مطالبے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہزارہ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں جہاں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، وہاں عوام کی خواہشات اور آئینی و جمہوری تقاضوں کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد عوام کو انتظامی سہولیات اور اقتدار کے ایوانوں تک رسائی فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تحریک کی آئندہ حکمت عملی اور اہم فیصلوں کے لیے 30 نومبر کو صبح 11 بجے ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں میں سپریم کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ مرکزی کنوینئر پروفیسر سجاد قمر نے سپریم کونسل کے تمام اراکین، جن کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے، سے اپیل کی کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے جس مقصد کے تحت طویل جدوجہد کی گئی ہے، اسے کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور عوام کے آئینی و جمہوری حق کے حصول تک تحریک جاری رہے گی۔





