اسلام آباد
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعوی عرب کے درمیان مختلف شعبوں اور بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، ڈیموں کی تعمیر اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایوان صدر میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس سعودالفیصل بن عبدالعزیز السعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے پاکستان میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول کا ذکر کیا اور سعودی عرب کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کیلئے مختلف شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں گنجائش کا ذکر کیا۔ ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملاقات میں صدر مملکت اور سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے صدر مملکت نے کہاکہ دونوں ممالک کے انتہائی قریبی تعلقات ہیں جو مشترکہ مذہب، روایات اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات پر مبنی ہیں۔ صدر مملکت نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی مدد کرنے پر سعودی حکومت اور شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز کا انتہائی احترام کرتے ہیں۔
سعودی عرب میں مقیم 15 لاکھ پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کے پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط رشتے کا ایک ذریعہ ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
صدر مملکت نے سعودی عرب کے نئے لیبر قوانین کے تحت رہائش اور کام کے حوالہ سے معاملات درست کرنے کیلئے پاکستانیوں سمیت سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے رعایتی مدت بڑھانے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکومت پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرتی رہے گی۔
صدر مملکت نے اپنی اور پاکستانی عوام کی طرف سے خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات اور سعودی عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جذبات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز بھی موجود تھے۔