دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 69 ہزار 456 ہوگئی
3 لاکھ 36 ہزار 830 افراد کورونا کا شکار ہوچکے، امریکی ریاست نیو جرسی اور نیو آرلینز میں  صورتحال قیامت خیز ہونے کا خدشہ
سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئیں جو اب تک 15877ہیں ،امریکہ میں  3 لاکھ 36 ہزار 673  متاثر ہوچکے
اسپین میں کورونا وائرس سے جاں بحق والوں کی تعداد 12 ہزار 641 ہو چکی جبکہ ایک لاکھ 31ہزار افرادمتاثر

واشنگٹن(صباح نیوز) دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 69 ہزار 456 ہوگئی، امریکا میں عالمی وبا سے 9 ہزار 633 افراد جان کی بازی ہار گئے۔  غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا کے 208 ممالک اور علاقے کورونا کی زد میں آگئے۔ امریکا بدستور دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مسلسل پانچویں روز ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ ہو رہی ہیں، 24 گھنٹوں میں 1200 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 633 ہوگئی۔ 3 لاکھ 36 ہزار 830 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔نیویارک کے بعد نیو جرسی اور نیو آرلینز کورونا کے نئے گڑھ بن گئے جہاں صورتحال قیامت خیز ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکی سرجن جنرل جیروم ایڈمز نے خبردار کیا کہ آنے والا ہفتہ بیشتر امریکیوں کی زندگی کا سب سے افسوسناک ہفتہ ہوگا۔  کورنا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد امریکہ میں رپورٹ ہوئی ہے جو تین لاکھ 36 ہزار 673 تک پہنچ گئی۔ ورونا وائرس کی بدولت 9 ہزار 616 امریکی دار فانی سے کوچ بھی کرچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی امریکہ میں پھیلتی تباہ کاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک دن میں 839 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ صدرٹرمپ نے شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کردی ہے جب کہ وہ نیویارک کو آفت زدہ بھی قرار دے چکے ہیں۔دنیا میں اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ریکارڈ کی گئی ہیں جو 15 ہزار 877 ہو چکی ہیں۔ کورونا کے باعث اب تک اٹلی میں ایک لاکھ 28 ہزار 948 افراد متاثر بھی ہو چکے ہیں۔اسپین میں کورونا وائرس سے جاں بحق والوں کی تعداد 12 ہزار 641 ہو چکی ہے جب کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 31 ہزار 646 افراد متاثر ہیں ۔