بیجنگ ،نیویارک،میڈرڈ ،روم ،لندن(صباح نیوز)
پوری دنیا عالمی وبا کی لپیٹ میں، 1 لاکھ 14ہزار 247 افراد کورونا کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے، 18 لاکھ 53 ہزار 155 مہلک وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس نے تباہی مچا دی ،امریکا میں کورونا سے 24 گھنٹوں میں مزید 1528 افراد ہلاک ہو گئے، مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 105 تک جا پہنچی،5لاکھ60 ہزار 300 امریکی عالمی وبا کاشکار ہو چکے ، اٹلی میں 19 ہزار 899 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسپین میں کورونا سے 17 ہزار 209 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ فرانس میں 14ہزار 393 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔برطانیہ میں کورونا کی وجہ سے دس ہزار 612 افراد ہلاک ہو گئے۔ چین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 108 نئے کیس سامنے آئے ہیں جو کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہے۔یہ گذشتہ پانچ ہفتوں میں چین میں کورونا وائرس کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے جن میں ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو بیرون ملک سے سفر کر کے آئے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے وارننگ دی ہے کہ لاک ڈائون میں وقت سے پہلے نرمی وبا کی واپسی کی وجہ بن سکتا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 59 ہو گئی۔ سعودی وزارت صحت کیمطابق مکہ مکرمہ میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ایران میں عالمی وبا سے 4474، ترکی میں 1198، روس میں 130، سویڈن میں 899، بھارت میں کورونا سے 331 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔