کراچی(صباح نیوز)
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں دنیا کے 25 غریب ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولیات فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالیناجوارگیوا نے منگل کوایک بیان میں کہاہے کہ دنیاء کے 25 ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے محدود وسائل کو کوروناوائرس کی وباء سے نمٹنے کی کوششوں کیلئے استعمال میں لاسکے۔ آئی ایم ایف نے جن ممالک کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی ہے ان میں سے بیشترافریقی ممالک ہیں تاہم اس فہرست میں افغانستان،یمن، نیپال اورہیٹی بھی شامل ہیں۔آئی ایم ایف کے انتظامی بورڈ کے فیصلے کے تحت ان ممالک کو یکم مئی 2020ء سے جون 2021 تک قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس ضمن میں مالی معاونت آئی ایم ایف کے آفات کومحدودکرنے کے ضمن میں قائم ریلیف فنڈ(سی سی آرٹی) سے فراہم کی جائیگی۔ اس فنڈ کاقیام 2015 ء میں ایبولا وباء کے دوران عمل میں لایاگیاتھا۔