اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیئرمین پی ٹی آئی کو جائے نماز،قرآن مجید، طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم

ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی

عدالت نے آئندہ سماعت پر معاونت طلب کرلی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا نہیں؟

جیل رولز کے مطابق جیل حکام چیئرمین پی ٹی آئی کے دوست، رشتہ دار اور وکلا سے ملاقات کروائیں

ایسا کچھ ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بار ملاقات سے روکے، عدالت کا تحریری حکمنامہ جاری

اسلام آباد(ویب  نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات اور اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کن وجوہات کی بنیاد پر اٹک جیل میں رکھا گیا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر معاونت طلب کرلی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا دیا جاسکتا ہے یا نہیں؟عدالت نے ہدایت کی کہ جیل رولز کے مطابق جیل حکام چیئرمین پی ٹی آئی کے دوست، رشتہ دار اور وکلا سے ملاقات کروائیں، ایسا کچھ ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بار ملاقات سے روکے۔ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جائے نماز اور انگلش ترجمے کیساتھ قرآن مجید دینے اور مناسب طبی سہولیات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا۔