اسلام آباد(صباح نیوز)

جعلی اکاونٹس کیس ‘اسلام آباد ہائی کورٹ کی انور مجید کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کیلئے نیب کو آخری مہلت
آپ آئندہ سماعت پر ٹوتھ برش ساتھ لیکر آئیں ، رپورٹ نہ آئی تو یہیں سے اڈیالہ جائیں گے،عدالت
آپ جیلوں کو دیکھ کر تو آئیں وہاں کیا صورتحال ہے، ویسے بھی گرمی کا موسم ہے جیل میں زیادہ انجوائے کریں گے
کہاں ہے ملزم کی میڈیکل رپورٹ؟ جسٹس عامر فاروق  کانیب تفتیشی افسر سے استفسار
لاک ڈاون کے باعث فلائٹس بند ہیں اس لیے ممکن نہیں ہو سکا، تفتیشی افسر
یہ 31 مارچ کا حکم ہے اور ابھی تک آپ نے اس پرعمل نہیں کیا  ،کیوں نہ آپ کوہی توہین عدالت کا نوٹس دے دیں،جسٹس عامرفاروق

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاونٹس کیس میں مرکزی ملزم خواجہ انور مجید کی میڈیکل رپورٹ پیش نہ کرنے پر نیب پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ پیر تک ملزم کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی آخری مہلت دیدی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق ، جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے جعلی اکاونٹس کیس میں مرکزی ملزم خواجہ انور مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔جسٹس عامر فاروق نے سماعت کے آغاز پر ہی نیب تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کہاں ہے ملزم کی میڈیکل رپورٹ؟ جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ لاک ڈاون کے باعث فلائٹس بند ہیں اس لیے ممکن نہیں ہو سکا۔جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کا نیب کو کہا تھا ، کراچی سے رپورٹ منگوانی ہے یہاں سے تو کسی کو نہیں جانا، رپورٹ آپ کو ڈاکٹر سے لینی ہے، نیب کوخود تو چیک نہیں کرنا، اب اس میں کیا امر مانع ہے، کیا تفتیشی افسر کو کوئی سوالنامہ دینا ہے؟جسٹس عامرفاروق نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ یہ 31 مارچ کا حکم ہے اور ابھی تک آپ نے اس پرعمل نہیں کیا ہے،کیوں نہ آپ کوہی توہین عدالت کا نوٹس دے دیں۔جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ آپ جیلوں کو دیکھ کر تو آئیں وہاں کیا صورتحال ہے، ویسے بھی گرمی کا موسم ہے جیل میں زیادہ انجوائے کریں گے۔عدالت نے نیب تفتیشی افسر سے کہا کہ آپ آئندہ سماعت پر ٹوتھ برش ساتھ لیکر آئیں ، رپورٹ نہ آئی تو یہیں سے اڈیالہ جائیں گے۔