لاہور (صباح نیوز)
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ماتحت عدالتیں کھولنے کے حوالہ سے کمیٹی کی سفار شات منظور کر لیں اور ایس اور پیز کے ساتھ عدالتوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب بھر کی ماتحت عدالتیں کل (پیر)سے کیسز کی سماعت کا آغاز کریں گی۔ اس حوالہ سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وکلاء اور سائلیں کے ماسک پہنے بغیر عدالتوں میں داخل ہونے پر پابندی ہوگی۔ جبکہ غیر ضروری وکلاء اور سائلین کمرہ عدالت میں جمع نہیں ہو سکیں گے۔ جسٹس محمد قاسم خان کا کہنا تھا کہ انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام عدالتوں کو یکم جون کو کھولاجارہا ہے اور اس کے ساتھ ، ساتھ پنجاب بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ایس او پیز پر سختی سے عملدآمد کریں گے اور کوروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کریں گے ۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمرہ عدالت میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سے متعلق بھی سختی سے عملدآمد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کوروناوائرس کے پھیلائو کے خطرہ کے پیش نظر 24مارچ کو پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں میں ریگولر مقدمات کی سماعت روک دی گئی تھی۔