تیل کا مقررہ ذخیرہ نہ رکھنے پر مختلف آئل کمپنیوں کو جرمانے
ملک بھر میں تیل کا بحران جاری
سلام آباد(صباح نیوز)اوگرا نے تیل کا مقررہ ذخیرہ نہ رکھنے پر مختلف آئل کمپنیوں کو جرمانے کیے ہیں۔ جبکہ تاحال ملک بھر میں تیل کا بحران جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پٹرول کا بحران ہے جس کے بعد عوام خوار ہو رہی ہے، وزیراعظم کے نوٹس کے باوجود یہ بحران جاری ہے تاہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مختلف آئل کمپنیوں کو تیل کا ذخیرہ نہ رکھنے پر جرمانے کیے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق حیسکول پرائیویٹ لمیٹڈ کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے جبکہ گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے۔اوگرا کی طرف سے لائسنس شرائط کی خلاف ورزی پر ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ کو ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ شیل پاکستان کو تیل سٹاک نہ رکھنے پر 1 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ پوما انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔دریں اثنا ملک کے مختلف شہروں میں عوام کو گیارہویں روز بھی پیٹرول کی تلاش ہے اور جہاں پیٹرول دستیاب ہے وہاں پر شہریوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔حکومت عوام کو سستے پیٹرول کی فراہمی میں ناکام ہے اور یکم جون کو پیٹرول کی قیمت کم ہونے کے بعد سے عوام کو فائدے کے بجائے خواری اور شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بڑی تعداد میں بند پٹرول پمپس آج بھی نہ کھلے جس کے باعث کراچی،لاہور، پشاور، ملتان، سرگودھا اور گجرات سمیت کئی شہروں میں عوام پریشان رہے جب کہ ملتان، ٹھٹھہ ،پڈعیدن، غذر، لوئر دیر اور سوات میں بھی بیشتر پمپس بند رہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں ہیں اور طویل انتظار کے بعد بھی محدود مقدار میں پیٹرول دیا جارہا ہے۔پشاور ہائی کورٹ میں پٹرول اور آٹا بحران سے متعلق نوٹس پر سماعت کے دوران وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم عمرایوب پیش ہوئے اور عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اگلے 3 روز میں بحران ختم ہوجائے گا۔لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی عدم دستیابی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور ہوگئی ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم خان آج جمعہ کو سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے ملک بھر میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور گذشتہ روز ایف آئی اے نے دیگر متعلقہ اداروں کے ہمراہ کیماڑی آئل فیلڈ پر نجی تیل کمپنی کے ڈپو پر چھاپہ مارا تھا جہاں تیل کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔ذرائع کے مطابق نجی کمپنی جان بوجھ کر تیل سپلائی نہیں کر رہی تھی، نجی کمپنی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ مقدمے کے اندراج کے لیے ضلعی انتظامیہ کو بتا دیا گیا۔
#/S