اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد میں غوری ٹاؤن کے سات فیز سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، ملک کے بیشتر شہروں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت علاقے بند ہیں جہاں پولیس اور رینجرز تعینات ہے۔

ملتان میںہاٹ اسپاٹ علاقے ایم ڈی اے چوک، نیو ملتان اور شاہ رکن عالم سیل ہیں جہاں رینجرز اور پولیس تعینات ہے۔ انتظامیہ نے اب وہاڑی روڈ اور سوئی گیس کالونی میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ مردان میں منگل سے چار علاقوں کو سیل کرنے کا پروگرام ہے جس کیلئے انتظامیہ نے تیاری شروع کر دی ہے۔ اس موقع پر شہر میں آمدورفت مکمل طور پر بند ہو گی۔

میرپورخاص میں بھی کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 3 علاقوں کو سیل کیا گیا ہے۔ لوگوں کو ضروری اشیاء لینے کے علاوہ عام افراد کی داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ ٹی ٹی کی حکمت عملی کی بنیاد پر اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں میں 549 علاقوں میں لاک ڈاؤن ہے۔

پنجاب میں 20 لاکھ آبادی والے علاقوں میں 183مقامات پر لاک ڈاؤن کیا گیا۔ سندھ میں 49 لاکھ سے زائد آبادی والے علاقوں میں 68 علاقے سیل کئے گئے۔ خیبرپختونخوا میں 5 لاکھ سے زائد آبادی والے علاقوں میں 240 مقامات بند ہیں۔ آزاد کشمیرمیں 40، اسلام آباد میں 10 اور گلگت بلتستان میں 16علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا۔