کراچی (صباح نیوز)

کراچی اسٹاک ایکس چینج پر دہشت گردوں کے حملے کے حوالہ سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے لائیو ریکارڈنگ کے لئے  استعمال ہونے وال کیمرہ بھی برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دہشت گردوں سے ملنے والے موبائل فون سے بھی اہم معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔ سلمان نامی دہشت گرد حملے کے چند سیکنڈ بعد شہید سب انسپکٹر کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق تفتیشی حکام اسٹاک ایکس چینج پر دہشت گردوں کے حملے کے حوالہ سے تفتیش کررہے ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے ایک لائیو کیمرہ بھی برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے، دہشت گردوں نے حملہ کیا تو دہشت گرد حملے کا ماسٹر مائنڈ بشیر زیب  بیرون ملک سے اس حملے کی مانیٹرنگ کر رہا تھا اور دہشت گردوں کی کارروائی کو براہ راست مانیٹر کر رہا تھا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ بیرون ملک سے حملے کی مانیٹرنگ کرتا رہا ۔ دہشت گردی کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے چاروں دہشت گردوں کے حوالہ سے  معلومات حاصل کر لی گئی ہیں، دو  دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان کے علاقہ کیچ، ایک تعلق ہوشاب اور ایک کا تعلق پنجگور سے تھا۔ چاروں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم جماعت سے تھا۔ ہلاک دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کی شہر میںموجودگی کے حوالہ سے تفتیش بھی کی جارہی ہے اور ان کی تلاش بھی کی جارہی ہے۔ جبکہ تفتیش کار کراچی میں ہونے والے حالیہ بدامنی کے واقعات میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے حوالہ سے تفتیش کر رہے ہیں۔