ترکش ایئرلائن نے پی آئی اے کی پورپی پروازوں پر پابندی کے بعد پاکستانی پھل اور سبزیاں رعایتی نرخ پر یورپ، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک تک پہنچانے کی پیشکش کردی۔
ایکسپریس کے مطابق ترکش ایئرلائن نے پاکستان سے آم، دیگر پھل اور سبزیوں کی یورپ تک ایکسپورٹ کے لیے فریٹ میں کمی اور سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی کیوں کہ فرینکفرٹ، لین قومی ایئرلائن کی یورپ کے لیے پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی کے بعد پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے استنبول میں پاکستان کے کمرشل قونصلر بلال خان پاشا نے گزشتہ ہفتے ترکش ایئرلائن کے چیئرمین سے ملاقات کی تھی جس میں چیئرمین نے پاکستان کے لیے پروازوں کے آغاز اور یورپی یونین کے لیے پھل سبزیوں کی ترسیل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
اسی تسلسل میں پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کی قیادت میں ایکسپورٹرز کے ایک وفد نے ترکش ایئرلائن کے پاکستان میں جنرل منیجر گرہان سوزن سے ملاقات کی جس میں پاکستانی پھل و سبزیوں کی ایکسپورٹ پر بات ہوئی۔
جنرل منیجر ترکش ائرلائن نے فریٹ چارجز میں کمی اور بہترین سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرتے ہوئے ایکسپورٹ کے حجم کی تفصیلات بھی طلب کیں تاکہ ہر شپمنٹ میں ممکنہ اوسط کارگو کے لیے درکار گنجائش کا اندازہ لگایا جاسکے۔
وحید احمد کے مطابق ترکش ایئرلائن کے ریجنل کارگو ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء Halit Tuncer نے بھی پاکستان سے پھل سبزیوں کی ایکسپورٹ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترکش ایئرلائن کے ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء نے بتایا کہ ترکش ایئرلائن نے کراچی لاہور اور اسلا م آباد سے پروازوں کے آغاز کا شیڈول مرتب کرلیا ہے، ہمیں پاکستان سے پھل اور سبزیوں کی ایکسپورٹ میں سہولت فراہم کرنے پر خوشی ہوگی۔