اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عیدا لضحیٰ پر ایس او پیز کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کئے جائیں گے، کسی بھی غیر قانونی مویشی منڈی کو قائم کرنے یا چلانے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی، عید پر اجتماعات سے گریز کیا جائے، تمام تفریخی مقامات مکمل بند رہیں گے۔
ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے وفاق، صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے، منظور شدہ مویشی منڈیوں میں ضابطہ اخلاق کی عملداری کے لئے تمام انتظامیہ متحرک ہو گئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں قائم مویشی منڈیوں میں ہیلتھ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس مل رہی ہیں، عوام کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، حفظانِ صحت کے اُصولوں اور کورونا کے خلاف بنائی گئی حفاظتی تدابیر کو اپنانے سے ہی وَبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے تمام صوبوں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی، خلاف ورزیوں کی صورت میں جُرمانے اور مویشی منڈیوں کو بند کیا جا سکے گا، فیس ماسک اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے، اگر ان احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وَبا پر قابو پانا مشکل ہوگا، مویشی منڈیوں میں اوقات کار کی پابندی ایک مخصوص تعداد کی انٹری اور ہیلتھ گائیڈ لائن پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
نینشل کمانڈ ایند آپرشین سینٹر کے مطابق عید پر اجتماعات سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، عید پر تمام تفریخی مقامات مکمل بند رہیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ بازاروں اور عید پر تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں، انفرادی حفاظت اجتماعی صحت اور حفاظت کی ضمانت ہے، عوام کے تعاون سے ہی کرونا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔