(اسلام آباد (سٹاف رپورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاق سمیت چاروں صوبوں کو غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف فوجداری کارروائی کی ہدایت کردی ۔ جمعہ کو  سپریم کورٹ میں ہائوسنگ سوسائٹیز کے فرانزک آڈٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر ایف آئی اے نے رپورٹ جمع کرائی۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر کی 667 کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹیز میں سے 279 کی تحقیقات کی سفارش کی گئی، ایف آئی اے نے تمام زونل ہیڈکوارٹرز کو 30 جون تک انکوائریز مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ غیر رجسٹرڈ صوبائی کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹیز ایف آئی اے کے اختیارات میں نہیں آتی۔ایف آئی اے رپورٹ میں بتایا گیا کہ پندرہ جولائی تک زیر التوا انکوائریز کی حتمی رپورٹ کے لئے خط لکھا گیا ہے، خط میں وفاق سمیت چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز اور متعلقہ حکام کو غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف فوجداری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت سویلین ایمپلائیز کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹی کی سابقہ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔اپنی رپورٹ میں ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ عدالت عظمیٰ صوبائی حدود میں شامل کوآپریٹیو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کیلئے رہنمائی کرے اور ایف آئی اے ٹیم کو تحفظ فراہم کیا جائے۔