عیدالاضحی قریب آتے ہی مویشی منڈیوں میں رونق بڑھ گئی

جتنی گنجائش ہے اس میں اس بار جانور ملنا بہت مشکل ہوگیا ،شہری

کراچی ناردرن بائی پاس منڈی میں بھینسے کے 45لاکھ لگ گئے، 70لاکھ روپے لوں گا،مالک

 مختلف شہروں میں قربانی کے جانور چوری ہونے کی واردات میں بھی اضافہ ہو گیا

گوجرانوالہ کی مویشی منڈی میں پہلوان بکروں کے چرچے ، راجن پور نسل کے دس بکروں کے لئے پچاس لاکھ کی ڈیمانڈ

لاہور میں ناز نخروں سے پالے گئے گول مٹول بکروں کے دام بھی کم نہیں، پانچ لاکھ فی بکرا ہے

سرگودھا میں شہری نے لاڈلے بکرے شیرو کی سالگرہ منائی اور کیک بھی کٹوایا

کراچی،لاہور ،گوجرانوالہ، سرگودھا( ویب  نیوز)

عیدالاضحی قریب آتے ہی ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں رونق بڑھ گئی ، شہری مناسب دام میں جانور ڈھونڈنے نکل پڑے ۔خریداروں کو دیکھ کر بیوپاریوں کے چہرے کھل اٹھے لیکن مہنگائی کے ستائے شہریوں نے کہا کہ جتنی گنجائش ہے اس میں اس بار جانور ملنا بہت مشکل ہوگیا ۔کراچی ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں باس(BOSS)کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ منفرد رنگت، دلکش آنکھوں والے بھاری بھرکم بھینسے کے 45 لاکھ لگ گئے لیکن مالک پھر بھی راضی نہیں ہوا اور کہتا ہے 70 لاکھ ہی لوں گا۔دوسری جانب گوجرانوالہ کی مویشی منڈی میں پہلوان بکروں کے چرچے ہیں، راجن پور نسل کے دس بکروں کے لئے پچاس لاکھ کی ڈیمانڈ ہے۔لاہور میں ناز نخروں سے پالے گئے گول مٹول بکروں کے دام بھی کم نہیں، پانچ لاکھ فی بکرا ہے، مالک کہتا ہے کہ تینوں خریدنے والے کو دو لاکھ کا خصوصی ڈسکائونٹ دے گا۔سرگودھا میں شہری نے لاڈلے بکرے شیرو کی سالگرہ منائی اور کیک بھی کٹوایا۔ جوں جوں عید قریب آرہی ہے ویسے ہی کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں قربانی کے جانور چوری ہونے کی واردات میں بھی اضافہ سامنے آرہا ہے۔