رائے ونڈ  (ویب ڈیسک)

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام رائے ونڈ میں 100ایکڑ اراضی پرعارضی مویشی منڈی سج گئی ،بیوپاری سینکڑوں جانور لیکر رائے ونڈ پہنچ گئے ،منڈی میں داخلے سے قبل جانوروں کو کانگو وائرس سے بچائو کیلئے سپرے لازمی قراردیا گیا ،لائیو سٹاک ،ضلعی انتظامیہ ،پولیس ،صحت ،ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122کے کیمپ قائم کردئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ سندر روڈ پر دوسری مرتبہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور نے رائے ونڈ اور قرب وجوار کے رہائشی افراد کو قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے100ایکڑ پر محیط عارضی مویشی منڈی قائم کر دی جہاں جانوروں اور انسانوں کی صحت کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں منڈی مویشی انچارج مظہر عباس نے میڈیاکو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے دوسری مرتبہ رائے ونڈ عارضی مویشی منڈی قائم کی ہے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے منڈی مویشی میں تمام ضروری اقدامات کئے جاچکے ہیں پختہ راستوں ،جانوروں کیلئے پانی کی ہودیاں ،چارہ ،روشنی اور دھوپ سے بچائو کیلئے چھائوں کا انتظام کیا گیا جبکہ لائیو سٹاک کی جانب سے کیمپ لگایا گیا جہاں تین شفٹوں میں ڈاکٹرز ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں منڈی مویشی میں داخلے سے قبل تمام جانوروں کو کانگو وائرس سے بچائو کیلئے سپرے کیا جارہا ہے ماسک کے بغیر داخلہ نہیں دیا جارہا ، ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکا ر تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہے، بیوپاری اور گاہکوں کیلئے مختلف مقامات پر بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں پینے کا صاف پانی بھی فراہم کیا جارہا ہے ایک سوال کے جواب میں مظہر عباس نے کہا کہ مویشی منڈی میں کسی شخص کو جگا ،بھتہ لینے کی اجازت نہیں ،بیوپاریوں اور گاہکوں سے کوئی شخص جگا ٹیکس وصول نہیں کریگا پولیس اہلکار منڈی میں گشت پر مامور ہیں لائوڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات بھی کروائے جارہے ۔ انچارج مویشی منڈی مظہر عباس نے مزید کہا کہ رائے ونڈ مویشی منڈی میں اس وقت سینکڑوں بیوپاری ہزاروں جانوروں کیساتھ موجود ہیں رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام کیا گیا 100ایکٹر پر قائم اس عارضی منڈی میں بیوپاریوں اور گاہکوں کیلئے مثالی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ رائے ونڈ اور گردونواح کے لوگوں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری کیلئے آسانی ہو سکے ۔