لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے 5 اگست تک مارکیٹس اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کر دیا، فیصلے کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ہم کورونا کو شکست دینے کے قریب ہیں، لاک ڈاؤن کا مقصد ہے کہ اب لاپرواہی سے کیسز کی تعداد پھر نہ بڑھ جائے، لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹورز، گروسری سٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے رہیں گے۔

اجلاس میں مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کروانے پر وزیر قانون پنجاب نے برہمی کا اظہار کیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ عید کے بعد این سی او سی کے اجلاس میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کھولنے کی سفارش جائے گی۔

وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اگلے بدھ تک مارکیٹیوں میں سخت لاک ڈاون رہے گا، آج رات سے فیصلے کا اطلاق ہوگا، عید الفطر والے ایس او پیز کا عیدالضحی پر بھی نفاذ ہوگا، مویشی منڈیوں میں سخت قسم کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا، تھیٹر، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات کھولنے کے لئے محرم کے بعد معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 289 ہوگئی، مہلک وائرس نے مزید 20 افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 176 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 92 ہزار 73، سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 311، خیبر پختونخوا میں 33 ہزار 397، بلوچستان میں 11 ہزار 601، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 989، اسلام آباد میں 14 ہزار 884 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 18 لاکھ 90 ہزار 236 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 56 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 41 ہزار 26 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 229 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 116، سندھ میں 2 ہزار 151، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 178، اسلام آباد میں 164، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 48 اور آزاد کشمیر میں 49 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔