اسلام آباد
وفاقی حکومت نے ریسٹورینٹس، تفریحی مقامات اور شادی ہالز سمیت دیگر شعبہ جات اور کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وبا کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
بعدازاں اسد عمر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا وبا میں کمی ہوگئی اور صورت بحال کافی بہتر ہوگئی ہے، این سی او سی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا، اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں اور نرمی کرتے ہوئے مزید شعبہ جات کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ 8 اگست (ہفتہ) سے سیاحتی مقامات جبکہ 10 اگست پیر سے پارکس، تفریحی مقامات ایکسپو ہالز، بیوٹی پارلرز، مزارات، سینما، تھیٹرز، پبلک پارکس، جم، کلب، ہوٹل اور ریسٹورینٹس کھول دیے جائیں گے جہاں بیٹھ کر کھانا کھانے (ڈائن ان) کی اجازت ہوگی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے اگلے چند روز میں ایس او پیز بنالیے جائیں گے، 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولے جاسکتے ہیں اور ہوٹلز میں بھی شادی کی تقریبات ہوسکتی ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ روڈ ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے تاہم میٹروسروسزمیں کھڑے ہوکرسفرکی اجازت نہیں ہوگی جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دفتری اوقات کار بھی معمول کے مطابق بحال کیے جارہے ہیں اور تمام مارکیٹیں پرانے سسٹم کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان کے لیے وقت کی پابندی اور ہفتہ و اتوار کی چھٹی ختم کی جارہی ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ جن کھیلوں میں جسمانی ملاپ نہیں ہوتا، انہیں بحال کرنے دیا جائے گا، کبڈی،کشتی،رگبی کےعلاوہ دیگراسپورٹس کی اجازت دےرہےہیں تاہم تماشائیوں کی اجازت نہیں ہوگی، چودہ اگست کے حوالے سے بھی گائیڈلائنزجاری کرینگے اور محرم الحرام کے لیے بھی ایس اوپیز بنائی گئی ہیں۔