راولپنڈی(ویب ڈیسک)
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ محرم میں سول انتظامیہ کیساتھ مل کر ضروری اقدامات کیے جائیں، محرم کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران جیو سٹرٹیجک اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران لائن آف کنٹرول اور پاک افغان بارڈرز اور ملکی داخلی سلامتی صورتحال پر بھی غور کیا گیا جبکہ افغان مفاہمتی عمل کی پیشرفت کو بھی سراہا گیا اور امید ظاہر کی گئی افغان دھڑوں میں بات چیت جلد شروع ہو گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کورونا وائرس اور ٹڈل دل کے خطرات کے دوران سول انتظامیہ سے تعاون کی کوششوں کو بھی سراہا جبکہ آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران میں عوام کی سکیورٹی اور تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ اس دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب پر فوری رد عمل پر پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔آرمی چیف نے شہر قائد میں سیلابی صورتحال کے دوران پاک فوج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے موجودہ صورتحال کے پیش نظر فعال اقدامات کرنے پر زور دیا۔