ریکٹر نسٹ یونیورسٹی نے 20 افراد کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروا دیا
ملزمان کے خلاف سائبرکرائم ایکٹ 2016کی شق نمبر20 اور 37 کے تحت ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا گیا
گذشتہ 3 سال سے من گھڑت الزامات کو برداشت کر رہا ہوں،مہم کا مقصد پاک فوج کو بدنام کرنا ہے،لیفٹیننٹ جنرل(ر)نوید زمان
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) ریکٹر نسٹ یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نوید زمان نے بیس افراد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکٹرنسٹ یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) نوید زمان نے 20 افراد کے خلاف ہتک عزت کا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) میں مقدمہ درج کروا دیا۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر)نویدزمان کی جانب سے ایف آئی آر میں 20 افرادکونامزد کیاگیا ۔ ملزمان کے خلاف سائبرکرائم ایکٹ 2016کی شق نمبر20 اور 37 کے تحت ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا گیا ۔لیفٹیننٹ جنرل(ر)نوید زمان کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ گذشتہ 3 سال سے من گھڑت اورگمراہ کن الزامات کو برداشت کر رہا ہوں۔ میرے خلاف تضحیک آمیز مہم شدت کے ساتھ جاری ہے، مہم کا مقصد پاک فوج کو بدنام کرنا ہے، ملزمان ریاست مخالف عناصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف مہم چلانے والے کچھ عناصر کا اپنا مفاد پرست ایجنڈا ہے جبکہ کچھ کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایسے افراد بھی ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر زہر اگلنے میں مصروف ہیں اور بہت سی بھارتی ویب سائٹس نے بھی اس سازش میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔