اسلم مسعود اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اور آصف زرداری کے اکاونٹنٹ تھے
وہ گردے اور ذیابیطس کے امراض میں مبتلا تھے
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلم مسعود کی وفات کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
جعلی اکاونٹ کیس اور منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نیب کے اہم گواہ اور اومنی گروپ کے اکاونٹنٹ انتقال کرگئے۔اسلم مسعود اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اور آصف زرداری کے اکاونٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ گردے اور ذیابیطس کے امراض میں مبتلا تھے۔گزشتہ 6 ماہ سے اسلم مسعود کے گردوں کا ڈائلیسز ہورہا تھا جس کے لیے وہ راولپنڈی کے سرکاری اسپتال میں زیر علاج تھے۔ جہاں ان کا انتقال ہوا ،دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلم مسعود کی وفات کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ہے جس کے مطابق قیدی اسلم مسعود کو 20 فروری 2019 کو اسپتال داخل کرایا گیا تھا اور اسی روز قیدی کو ہنگامی بنیادوں اسپتال ریفرکردیا گیا تھا۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے قیدی پیر کواسپتال میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگیا لہذا عدالت قیدی کے پوسٹ مارٹم کے اجازت دے،اسلم مسعود اومنی گروپ اور آصف علی زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے۔اسلم مسعود منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے آغاز پر 9 جنوری 2018 کو پاکستان سے فرار ہوگئے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزم کی گرفتاری کیلیے ریڈ نوٹس جاری کرکے انٹرپول سے رجوع کیا۔انٹرپول نے اسلم مسعود کو اس وقت تحویل میں لیا تھا جب وہ لندن سے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا تھا۔ اسے 2019 میں جدہ سے پاکستان لایا گیا تھا۔اسلم مسعود کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقصد کیلیے مختلف لوگوں کے شناختی کارڈ استعمال کرکے جعلی بینک اکاونٹس کھولنے اور دیگر الزامات کے تحت ایف ائی اے کراچی میں مقدمہ نمبر 4/2018 درج ہے۔