عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، عمران خان
وزیراعظم سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کی ملاقات
ملاقات میں اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا
بابر اعوان کی وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف بارے قانون سازی ،مختلف وزارتوں کے زیر التوا بلز ، اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر بریفنگ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت روکنے کے لیے بنائے گئے بین الاقوامی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)سے متعلق قوانین پارلیمنٹ سے ہر صورت منظور کروائیں گے۔ وہ بدھ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی، ملاقات میں اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بابر اعوان نے وزیراعظم کو ایف اے ٹی ایف کے اہداف کی روشنی میں کی جانے والی قانون سازی ،مختلف وزارتوں کے زیر التوا بلز، ، اہم آئینی، قانونی اور ملکی امور پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے پیر سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی مفاد کی قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، ایف اے ٹی ایف قوانین ہر صورت منظور کروائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی مکمل توجہ معاشی اور سماجی حالات کی بہتری پر مرکوز کر رکھی ہے، عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرکے عوام کو ریلیف دیا گیا۔ عوامی ریلیف کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج مل رہے ہیں،واضح رہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے دیئے گئے اہداف کی روشنی میں حکومت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2020 قومی اسمبلی سے منظور کرایا تھا تاہم اسے سینیٹ میں منظوری نہیں مل سکی تھی،خیال رہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو ایکشن پلان پر عمل درآمد رپورٹ جمع کرانے کے لیے 20 اگست تک مہلت دی تھی۔