اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ بچوں کو سکول آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، تعلیمی اداروں میں ضروری احتیاط ہر صورت کریں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھنا مت بھولیے، سکول انتظامیہ، والدین، بچوں اور اساتذہ کو مل کر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے، طلبا کلاس رومز میں مناسب فاصلہ رکھیں، صحت ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، ماسک پہنیں، سینیٹائزر استعمال کریں۔
دوسری جانب ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے، پہلے مرحلے میں میٹرک کلاسز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل کا آغاز ہوگیا۔ ماسک، ہینڈ سینی ٹائزر اور فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ تعلیمی اداروں میں پڑھائی کا طریقہ کار کیا ہوگا، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرل سینٹر نے ایس او پیز جاری کر دیئے۔
این سی او سی کے مطابق والدین بچوں کو ماسک پہنا کر بھیجیں، کھانسی یا بیماری کی صورت میں طلبا کو ہرگز سکول نہ بھیجیں، اگر طبیعت زیادہ خراب ہو تو فوری ٹیسٹ کروایا جائے، بچے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں تعلیمی ادارے کو مطلع کیا جائے، طلبا ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھیں، ہاتھ با قاعدگی سے دھوتے رہیں۔ سکول وینز کے ڈرائیور بھی اپنی گاڑیوں میں سماجی فاصلہ یقینی بنائیں گے۔
ادھر کورونا کا زور ٹوٹ گیا، کیسز اور اموات میں مسلسل کمی ہونے لگی، مہلک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 389 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 2 ہزار 424 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 404 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 97 ہزار 817، سندھ میں ایک لاکھ 32 ہزار 250، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 79، بلوچستان میں 13 ہزار 621، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 269، اسلام آباد میں 15 ہزار 962 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 426 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 29 لاکھ 95 ہزار 890 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 ہزار 277 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 90 ہزار 261 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 563 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 389 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 220، سندھ میں 2 ہزار 445، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 257، اسلام آباد میں 178، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 78 اور آزاد کشمیر میں 66 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔