کراچی: SOPs خلاف ورزی پر 4 شادی ہالز کو وارننگ،12 ریسٹورنٹس سیل

شہر میں کورونا وائرس سے بچاو ایس او پیز پر عملدرآمدنہ کرنے کیخلاف ضلعی انتظامیہ کا چوتھے روز بھی آپریشن جاری

کراچی(ویب ڈیسک )کراچی میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 4 شادی ہالز کو وارننگ اور 12 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں کورونا وائرس سے بچاو ایس او پیز پر عملدرآمدنہ کرنے کیخلاف ضلعی انتظامیہ کا چوتھے روز بھی آپریشن جاری ہے۔انتظامیہ نے شہر کے 6 اضلاع کے 225 شادی ہالز میں سے مزید 33 کا معائنہ کیا ، 4 شادی ہالز کو وارننگ دی جبکہ ایک کو 30ہزار روپے جرمانہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق شہر قائد مین اب تک 9 شادی ہالز کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے، آج مزید 60 ریسٹورنٹس کا بھی معائنہ کیا گیا جن میں سے 45 ریسٹورنٹس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے 29ریسٹورنٹس کو وارننگ دی گئی جبکہ 12 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 171 ریسٹورٹنس سیل ہوچکے ہیں، مزید کارروائی میں شہر میں 6 دکانوں، فیکٹریوں اور میڈیکل اسٹورز کو بھی سیل اورایک لاکھ 91 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔