جنیوا (ویب ڈیسک)
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم غیبریسس نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک ویکسین تیار ہوجائے گی تاہم ویکسین کی منصفانہ تقسیم کے لیے سیاسی قیادت کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایگزیکیٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خوشخبری سنائی کہ کورونا سے لڑنے کیلیے ہمیں ایک ویکسین کی اشد ضرورت ہے اور اس سال کے آخر تک ویکسین تیار ہونے کی امید ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے مزید کہا کہ ویکسین کی تیاری کے بعد اس کی منصفانہ تقسیم کے لیے یکجہتی اور سیاسی عزم کی ضرورت ہے۔ ویکسین کی رسائی ہر ایک شخص تک ممکن بنانے کے لیے جدید سائنسی اور سماجی ضابطوں پر عمل کرنا ہوگا۔
ٹیڈروس ایڈہانوم غیبریسس نے مزید کہا کہ اس وقت 9 ویکسین تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی ’’کوویکس گلوبل ویکسین فیسیلیٹی‘‘ میں 168 ممالک شامل ہوچکے ہیں جو ویکسین کی 2 ارب خوراکیں بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔
واضح رہے کہ یورپین یونین نے امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمنی کی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیار کردہ کورونا ویکسین پر ’’ ریئل ٹائم ریویو‘‘ مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ اسی طرح اسٹرازینیکا کی ویکسین کے حوالے سے بھی یہی کہا گیا تھا جب کہ چین نے بھی نومبر تک ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔