اسلام آباد (ویب ڈیسک)

این سی او سی نے پاکستان میں کورونا کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کر دیا جبکہ مجموعی صورتحال مستحکم ہے۔

این سی او سی کا کورونا کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی صورتحال اور ایس او پیز کے تحت کھولے جانے والے شعبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر صورتحال بہتر ہے، عوامی اجتماعات، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کورونا کے پھیلاؤ کے مراکز بن چکے ہیں، عوامی مقامات پر ماہرین صحت کی ہدایات پر عمل نہیں ہو رہا۔

این سی او سی اجلاس میں کورونا کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور شراکت داروں سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا، اتفاق رائے کے بعد آئندہ چند روز میں نئی حکمت عملی پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا عوامی صحت بنیادی اہمیت کی حامل ہے، کورونا سے نمٹنے میں قومی کامیابیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

طبی ماہرین نے دنیا اور خطے میں کورونا کی ممکنہ دوسری لہر پر بھی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ ایران میں ایک روز کے دوران کورونا سے 239 ہلاکتیں ہوئیں، بھارت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، بھارت میں کورونا کی شدت میں کمی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔