نوشہرہ  (ویب نیوز)

پاکستان میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب اور موسمی تبدیلی کو عالمی ادارہ صحت سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔سیلاب سے متاثرین سیلاب کی معاشرتی معاشی مشکلات سے نکالنے اور بحالی میں حکومت سے مل کر عالمی ادارہ صحت معاونت کررہا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوںمیں ایمر جنسی آپریشن سنٹر کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے تمام شراکت داروں اور امدادی اداروں کی امدادی کوششوں کو مربوط بنانا ہے۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے متاثرین کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نوشہرہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی مراکز کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں سیلاب کے باعث 10 سے زائدطبی مراکز مکمل طور پر یا جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں اور عالمی ادارہ صحت ان کی بحالی کے لئے اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اقوام متحدہ کے تمام مشنز وہاں موجود ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے سیلاب متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے بھاری مقدار میں ادویات صحت کے حکام کے حوالے کی ہیں۔ انہو ں نے سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں ملیریا اور دوسری امراض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے صحت اور انتظامی شعبوں کی کوششوں کو سراہا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ قراہ الالعین وزیر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر نوشہرہ ڈاکٹر محمدشعیب خان نے برئفنگ دی۔