ای سی سی اجلاس میں  54 نئی ادویات کی کم سے کم ریٹیل قیمت طے کرنے اور 119 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر

ریکوڈک پراجیکٹ کے تصفیے میں نیشنل بینک آف پاکستان کو مختصرمدت کے 65 ارب روپے مالیاتی سہولت پر مارک اپ کی مد میں 6 ارب، 23 کروڑ، 83 لاکھ، 58ہزار، 879 روپے فراہم کرنے کی منظوری

اسلام آباد(ویب  نیوز)

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک پراجیکٹ کے تصفیے میں حکومت بلوچستان کے حصے کے طور پر 31 مارچ 2022 سے 30 دسمبر 2022 تک کی مدت کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کو مختصرمدت کے 65 ارب روپے مالیاتی سہولت پر مارک اپ کی مد میں 6 ارب، 23 کروڑ، 83 لاکھ، 58ہزار، 879 روپے فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کااجلاس پیر کو وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیرخرم دستگیر خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت مصدق مسعود ملک، شاہد خاقان عباسی، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، معاون خصوصی جہانزیب خان، وزیر اعظم کے رابطہ کار بلال اظہر کیانی، رانا احسان افضل، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے ریکوڈک پراجیکٹ کے تصفیے میں حکومت بلوچستان کے حصے کے حوالہ سے سمری پیش کی گئی۔ای سی سی نے 31 مارچ 2022 سے 30 دسمبر 2022 تک کی مدت کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کو مختصرمدت کے 65 ارب مالیاتی سہولت پر مارک اپ کی مد میں 6 ارب، 23 کروڑ، 83 لاکھ، 58ہزار، 879 روپے فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی جانب سے ریم ڈی سیور100 ملی گرام انجکشن کی کم سے کم ریٹیل قیمت کے تعین کے حوالہ سے سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے انجکشن کی قیمت میں کوئی اضافہ نہ کرنے اوراس کی موجودہ قیمت 1892 روپے فی شیشی برقراررکھنے کی منظوری دیدی۔اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی جانب سے 54 نئی ادویات کی کم سے کم ریٹیل قیمت طے کرنے اور 119 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر کر دی ۔ ای سی سی نے تین ہوائی اڈوں کی آٹ سورسنگ کے لیے لین دین کے مشیر کے طور پر بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کی تقرری سے متعلق وزارت ہوا بازی کی سمری کو بھی موخر کردی